چنئی، 5 جون (یو این آئی) تمل ناڈو میں کورونا وائرس (کووڈ -19) سے متاثر ڈی ایم کے رکن اسمبلی جے انبازگن کی حالت نازک بنی ہوئی ہے اور انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔حکمران انادرمک کے شریک کوآرڈینیٹر اور تمل ناڈو کے وزیر اعلی ای کے پلانی سوامی نے جمعہ کو ہسپتال کے ڈاکٹروں سے بات کرکے مسٹر انبازگن کی صحت کی صورت حال کی معلومات حاصل کی اور ان کی جلد صحت مند ہونے کی دعا کی۔
مسٹر پلانی سوامی نے ٹوئیٹ کیا ”ڈاکٹروں سے بات کی اور رکن اسمبلی جے انبازگن کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ میں نے ان کے جلد صحت مند ہونے کی دعا کرتا ہوں“۔وزیر اعلی کے مشورہ پر صحت اور خاندانی بہبود وزیر ڈاکٹر وجے بھاسکر نے ہسپتال جاکر مسٹر انبازگن کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی۔
ہسپتال کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ مسٹر انبازگن (61) کو دو جون کو بھرتی کیا گیا تھا اور وہ اس وقت کورونا وائرس سے متاثر تھے۔ ریلیز میں کہا گیا، ”شروع میں مسٹر انبازگن کو آکسیجن تھراپی دی گئی لیکن بعد میں حالت نازک ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے“۔
ہسپتال کے مطابق، ”مسٹر انبازگن کو 80 فیصد آکسیجن وینٹی لیٹر کے ذریعے دی جا رہی ہے اور ان کی حالت گزشتہ 24 گھنٹوں سے ایک جیسی بنی ہوئی ہے“۔ تمل ناڈو میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے مسٹر انبازگن پہلے منتخب نمائندے ہیں۔