ناندیڑ: ضلع ناندیڑ میں جاری آپریشن کریک ڈاؤن کے تحت مقامی کرائم برانچ (ایل سی بی)، ناندیڑ رورل پولیس اسٹیشن، لمبگاؤں پولیس اسٹیشن اور سونکھیڑ پولیس اسٹیشن کی مشترکہ کارروائی میں دریائے گوداوری کے پاٹ سے غیر قانونی طور پر ریت نکالنے والے عناصر کے خلاف بڑی کارروائی انجام دی گئی۔ اس کارروائی میں مجموعی طور پر 3 کروڑ 21 لاکھ 10 ہزار روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار کی ہدایت پر غیر قانونی ریت نکاسی اور اسمگلنگ کے خلاف خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کلال، بھنگی، پمپل گاؤں، مارکیڈ اور گنگا بیٹ کے علاقوں میں دریائے گوداوری کے پاٹ سے بڑے پیمانے پر غیر قانونی ریت نکالی جا رہی ہے۔
اطلاع کی بنیاد پر مقامی کرائم برانچ کے پولیس انسپکٹر اتُل بھوسلے کی قیادت میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں۔

ضبط شدہ سامان
ریت نکالنے کے لیے استعمال ہونے والے 12 انجن
مالیت: 36 لاکھ روپے
11 کشتیاں
مالیت: 1 کروڑ 65 لاکھ روپے
پانی پر تیرنے والے 237 بیڑے (ترافے)
مالیت: 1 کروڑ 18 لاکھ 50 ہزار روپے
32 براس ریت
مالیت: 1 لاکھ 60 ہزار روپے
کل ضبط شدہ سامان کی مالیت: 3 کروڑ 21 لاکھ 10 ہزار روپے
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ چونکہ دریا میں موجود 11 کشتیوں اور 12 انجنوں کو باہر نکالنا ممکن نہیں تھا، اس لیے انہیں جیلیٹن کے ذریعے تباہ کر دیا گیا، جبکہ 237 بیڑوں کو نذرِ آتش کر کے مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا گیا۔
اس معاملے میں پرساد کلکے، سچن کلکے، ہیپی سیلیدار، امیت ہمبئی، ارون لوٹے، پون یوولے، موہن یوولے، رمیش گچے، رگھوناتھ مورے، پون مورے، بھاگوت مورے، وکاس ڈک، منوج کشیرساگر، ویویک راج سونٹکے، موتی رام سونٹکے اور پنڈلک سونٹکے سمیت دیگر افراد کے خلاف ناندیڑ رورل پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ریت مافیا کی سرگرمیوں کے باعث حکومت کو لاکھوں روپے کے ریونیو کا نقصان پہنچ رہا تھا، جسے روکنے کے لیے یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار نے اس کامیاب کارروائی میں شامل تمام افسران اور اہلکاروں کی ستائش کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔