کلسٹر ڈیولپمنٹ کے خلاف ڈاکٹر جتیندر اوہاد کی صدائے احتجاج مان پاڑا میں گھروں پر لگے نمبروں کو مٹا کرکے عوامی احتجاج کی شروعات

کلسٹر ڈیولپمنٹ کے خلاف ڈاکٹر جتیندر اوہاد کی صدائے احتجاج

مانپاڑا میں گھروں پر لگے نمبروں کو مٹا کرکے عوامی احتجاج کی شروعات

تھانے (آفتاب شیخ)

تھانے کے مانپاڑا، آزاد نگر اور منورما نگر میں مجوزہ کلسٹر ڈیولپمنٹ منصوبے کے خلاف عوامی غصہ اب ابل کر سامنے آ گیا ہے۔ مقامی شہریوں نے راشٹروادی کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار گروپ) کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر جتیندر اوہاد کی قیادت میں زبردست احتجاج شروع کر دیا ہے۔ یہاں گھروں پر لگے رجسٹریشن نمبروں کو سفید پینٹ سے مٹا دیا گیا ہے، جسے عوامی بغاوت کی پہلی نشانی قرار دیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر جتیندر اوہاد راشٹروادڑا میں منعقدہ ایک بڑے عوامی اجتماع میں سوال اٹھایا کہ جب اکثریت کلسٹر ڈیولپمنٹ کے خلاف ہے تو پھر جمہوری اقدار کو نظر انداز کر کے یہ منصوبہ کیوں مسلط کیا جا رہا ہے؟ اوہاد نے انتظامیہ پر الزام لگایا کہ وہ عوام کو بنیادی شہری سہولیات فراہم کرنے کے بجائے بلڈروں کے مفادات کی حفاظت کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر اسکول بند کر کے انسانیت کا گلا گھونٹا جا رہا ہے تو یہ کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ڈاکٹر اوہاد نے مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’اگر ہر گھر سے صرف ایک فرد سڑک پر اتر آئے تو کوئی طاقت ہمیں گھروں سے بے دخل نہیں کر سکتی۔‘‘ انہوں نے مکینوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں پر لگے رجسٹریشن نمبر مٹا دیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر اوہاد نے خود سفید پینٹ سے گھروں پر لگے نمبروں کو مٹا کر اس مہم کا آغاز کیا، جس کے بعد درجنوں شہریوں نے ان کا ساتھ دیا۔

انہوں نے انتظامیہ کو سخت انتباہ دیا کہ عوام کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے، ورنہ حالات بے قابو ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹر اوہاد نے یہ بھی اعلان کیا کہ بایومیٹرک سروے فوری طور پر بند کیا جائے ورنہ عوامی تحریک شہر بھر میں پھیل جائے گی۔

اس موقع پر این سی پی (شرد چندر پوار گروپ) کے ضلع صدر سہاس دیسائی، رچنا ویدیا، ایکناتھ جادھو اور دیگر مقامی لیڈران بھی موجود تھے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading