کشمیر میں 21 سے 24جنوری تک برف باری متوقع

سری نگر: وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں کے دوران موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ بالائی علاقوں میں برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔

متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان نے بتایاکہ وادی میں 21سے 24جنوری تک موسم جزوی یا مجموعی طورپر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں 22 جنوری کو موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ وادی میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے جبکہ جموں صوبے کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 24 جنوری کو بھی کم و بیش موسم کی یہی صورتحال رہ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 25 سے 27 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ موسمیاتی ایڈوائزری کے مطابق اپنے سفر کا منصوبہ بنائیں۔ادھر وادی میں مطلع صاف رہنے کی وجہ سے کم سے کم درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہوئی ہے۔

گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading