کشمیر: لشکر کے حملے میں دو پولیس اہلکار شہید

سری نگر: جموں وکشمیر کے سری نگر میں آج دن دہاڑے دہشت گردانہ حملے کا معاملہ پیش آیا ہے۔ یہ پورا حملہ سی سی ٹی وی میں قید ہوگیا ہے۔ سری نگر میں سیکورٹی کے اعلیٰ انتظامات والے ہوائی اڈہ شاہراہ پر بگھت علاقے میں جمعہ کو دہشت گردوں کے حملے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ دہشت گردوں نے دونوں پولیس اہلکاروں کو بے حد قریب سے گولی ماری ۔پولیس نے بتایا کہ دونوں پولیس اہلکاروں کو فوراً اسپتال لے جایا گیا، جہاں دونوں کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کی تلاش میں مہم شروع کی ہے۔ گزشتہ تین دنوں میں شہر میں یہ دوسرا حملہ ہے۔اس سے قبل دہشت گردوں نے چہارشنبہ کو شہر کے اعلیٰ سیکورٹی انتظامات والے درگا ناگ علاقے میں ایک ریستوراں مالک اور اس کے بیٹے کو گولی مارکر زخمی کردیا تھا۔ یہ حملہ ایسے وقت ہوا ہے جب مختلف ممالک سے سفارت کاروں کے 24 رکنی وفد نے جموں وکشمیر میں حالات کا جائزہ لینے کے لئے چہارشنبہ کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ کا دورہ کیا۔

Leave a comment