کرکٹ عالمی کپ LIVE: بنگلہ دیش کے بلے بازوں کی اَچھی شروعات، 10 اوور میں 70/1

بڑے اسکور کا پیچھا کرتے ہوئے بنگلہ دیش کا ایک وکٹ آؤٹ، اسکور 10 اوور میں 70/1

ویسٹ انڈیز کے ذریعہ دیے گئے 322 رن کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے بلے بازوں نے اچھی شروعات دی ہے۔ حالانکہ خطرناک نظر آ رہے بلے باز سومیہ سرکار کو آندرے رسل نے 29 رن کے اسکور پر پویلین بھیج دیا لیکن تمیم کا ساتھ دینے آئے شکیب الحسن نے آتے ہی کچھ اچھے شاٹ لگا کر اپنا رخ ظاہر کر دیا ہے۔ 10 اوور کے اختتام کے بعد بنگلہ دیش کا اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 70 رن ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو رن ریٹ بنگلہ دیش کا کافی اچھا ہے اور اس کے بلے باز ویسٹ انڈیز کے لیے مشکلیں پیدا کر سکتے ہیں۔


بنگلہ دیش کے سامنے جیت کے لیے 322 رن کا ہدف

ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے بنگلہ دیش کے سامنے 321 رن کا پہاڑ کھڑا کر دیا ہے اور اب بنگلہ دیش کے بلے بازوں کو جیتنے کے لیے 50 اوور میں 322 رن بنانے ہوں گے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہوپ نے سب سے زیادہ 96 رن بنائے اور مستفیض الرحمن نے انھیں سنچری مکمل کرنے کا موقع نہیں دیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے دوسرے بہترین بلے باز لیوس رہے جنھوں نے 70 رن بنائے جب کہ ہٹمایر نے تیز طرار 50 رنوں کا تعاون پیش کیا۔ آخر کے اووروں میں ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے انفرادی طور پر کوئی بڑا اسکور نہیں کیا لیکن سبھی نے تیز بلے بازی کر رن بنائے اور پھر اپنا وکٹ بھی گنوایا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے سیف الدین اور مستفیض الرحمن نے تین تین وکٹ حاصل کیے جب کہ شکیب الحسن کو دو وکٹ ملا۔ کپتان مشرف مرتضیٰ نے 8 اوور میں 37 رن دیے لیکن انھیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔ بنگلہ دیش نے 50 اوور میں ویسٹ انڈیز کے 8 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔


ویسٹ انڈیز بڑے اسکور کی طرف گامزن، 42 اوور میں اسکور 261/5

مستفیض الرحمن کے ایک ہی اوور میں خطرناک نظر آ رہے ہٹمایر اور آندرے رسل کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز کے رن پر تھوڑا بریک لگا ہے۔ لیکن دوسری طرف اوپننگ بلے باز ہوپ آسانی کے ساتھ سنگل کھیل رہے ہیں۔ اس وقت ویسٹ انڈیز کا اسکور 42 اوور میں پانچ وکٹ پر 261 رن ہو چکا ہے۔ ہٹمایر نے آؤٹ ہونے سے پہلے تیز طرار 50 رن بنائے۔ اس کے لیے انھوں نے 26 گیندوں کا سامنا کیا۔ رسل 2 گیند میں بغیر کوئی رن بنائے وکٹ کے پیچھے کیچ تھما بیٹھے۔

30 اوور کے بعد ویسٹ انڈیز 151/2، سیف الدین اور شکیب کو ملا 1-1 وکٹ

ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے سنبھل کر کھیلتے ہوئے اور کچھ مواقع پر بڑا شاٹ لگاتے ہوئے ٹیم کو بہترین پوزیشن میں پہنچا دیا ہے۔ 30 اوور کے بعد ویسٹ انڈیز کا اسکور دو وکٹ پر 151 رن ہے جب کہ آؤٹ ہونے والے بلے باز کرس گیل اور ایون لیوس ہیں۔ کرس گیل حالانکہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے تھے لیکن لیوس نے 70 رن کی بہترین پاری کھیلی۔ اس وقت ہوپ 51 اور پورن 21 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سیف الدین نے کرس گیل کو جب کہ شکیب الحسن نے خطرناک نظر آ رہے لیوس کو آؤٹ کیا۔

کرس گیل صفر پر آؤٹ، ہوپ اور لیوس نے ٹیم کو سنبھالا

آج آئی سی سی کرکٹ عالمی کپ میں بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ کھیلا جا رہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خطرناک بلے باز کرس گیل 13 گیند کھیل کر بغیر کوئی رن بنائے محمد سیف الدین کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد ای. لیوس اور ایس. ہوپ نے سنبھل کر کھیلتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو دھیرے دھیرے آگے بڑھانا شروع کیا۔ اس وقت ویسٹ انڈیز کا اسکور 15 اوور میں ایک وکٹ پر 64 رن ہے۔ بنگلہ دیشی گیندباز ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کو بہت زیادہ کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دے رہے ہیں لیکن لیوس اور ہوپ نے ٹِک کر کھیلنا شروع کر دیا ہے جس کی وجہ سے دباؤ بنگلہ دیش کے گیندبازوں پر بڑھتا جا رہا ہے۔

اس سے قبل بنگلہ دیش کے کپتان مشرف مرتضیٰ نے ٹاس جیت پر ویسٹ انڈیز کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ گیندبازی کی شروعات سیف الدین اور مشرف مرتضیٰ نے کی جب کہ مستفیض الرحمن نے آٹھویں اوور سے گیندبازی شروع کی۔


یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

Leave a comment