کرونا وائرس سے بچنے کے لئے مصافحے کے بجائے نمسکار کریں: ڈاکٹر شفقت خان

سری نگر، 6 مارچ (یو این آئی) جموں کشمیر میں کرونا وائرس کے لئے نامزد نوڈل افسر ڈاکٹر شفقت خان نے کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ ملاقی ہوتے وقت مصافحے کے بجائے ‘نمسکار’ کرنے کا مشورہ دیا۔
موصوف اس یونین ٹریٹری کے نوڈل افسر ہیں جس کی قریب 70 فیصد آبادی مسلمانوں پر مشتمل ہے اور جو مصافحے کو اسلامی طریقہ سلام گردانتے ہیں۔
ڈاکٹر شفقت خان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘نمسکار سلام کرنے کا بہترین طریقہ ہے، یہ ہزاروں برسوں کا آزمودہ روایتی طریقہ سلام ہے’۔
انہوں نے ہیش ٹیگ کرکے لکھا کہ مصافحہ کرنے سے احتراز کریں۔
دریں اثنا موصوف نوڈل افسر نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کرونا وائرس سے بالکل صاف وپاک ہے جبکہ لوگوں کو گھبرانے کی نہیں بلکہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری میں کل 2 سو 30 نمونے جمع کئے گئے جن میں سے 27 نمونوں کو ٹیسٹ کے لئے دلی بھیجا گیا۔
موصوف نے کہا کہ تاہم تمام 2 سو 30 نمونوں کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ اس وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading