کرونا وائرس:نجی کمپنیوں کو’’گھر سے کام کرنا ‘‘ضروری قرار دیا جائے گا :ممبئی میونسپل کمشنر

ممبئی ؍ 16مارچ (یو این آئی )کرونا وائرس بیماری کے خوف سے بطور احتیاط ریاستی حکومت نے نجی کمپنیوں سے اپنے ملازمین سے گھر سے کام کروانے کے جو درخواست کی ہے اب اسے جلد ہی ضروری قرار دیا جائے گا تا کہ اس بیماری پر قابو پایا جا سکے ۔ممبئی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر پروین پردیسی نے آج یہ احکامات جاری کیئے ۔


اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہر کی تمام نجی کمپنیوں سے کارپوریشن نے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو دفاتر میں طلب نہ کرے بلکہ انہیں گھر سے کام کرنے کی ہدایت جاری کرے نیز اس پر سختی سے عمل کیا جانا ضروری ہے اور اگر اس پر عمل نہیں ہوا تو اسے قانونی شکل دے کر ضروری قرار دیا جائے گا ۔


میونسپل کمشنر پروین پردیسی نے اپنے فیس بک صفحہ پر لکھا ہے کہ ممبئی میں فی الوقت پانچ افراد کرونا پازیٹیو پائے گئے ہیں اور ان تمام کا علاج آرتھر روڈ میں واقع کستوربار اسپتال میں جاری ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک سے ممبئی آئے 600 افراد کو مضافات کے ایک فوجی مقام پر رکھا گیا ہے اور چند دنوں کے مشاہدے کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔
میونسپل کمشنر نے کہا کہ کرونا وائرس کے خون کے نمونوں کے تشخیص کیلئے مزید مراکز قائم کیئے جائیں گے تا کہ فوری طور پر اس بیماری کا پتہ چل سکے ۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سرکاری بس خدمات بی ایس ٹی کی خدمات تو جاری رہے گی لیکن شہریوں سے درخواست کی جاتی ہے کہ اگر ضروری ہے تو ہی وہ گھر سے نکلیں اور سفر کریں ۔