دہلی، یکم مئی (یواین آئی)ملک میں کرونا وائرس ’کووڈ19 انفیکشن کے معاملوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1755 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی ملک میں متاثروں کی تعداد 35 ہزار سے زیادہ اور اس کی وجہ سے 77 لوگوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1152 ہوگئی ہے۔
ملک کے 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں کرونا وائرس کے اب تک مجموعی طور سے 35,365 معاملوں کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 111 غیرملکی مریض شامل ہیں۔کرونا وائرس سے متاثر لوگوں کے صحت مند ہونے کے معاملوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا انفیکشن سے متاثر 690 لوگوں کے صحت مند ہونے کے ساتھ ہی ایسے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 9065 ہوگئی ہے۔ ملک میں فی الحال 25148 معاملے متحرک ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کی شام پانچ بجے جاری اعدادوشمار کے مطابق کرونا وائرس سے سب سے زیادہ سنگین طور سے متاثر مہاراشٹر میں صورت حال میں کوئی بہتری دکھ نہیں رہی ہے اور گزشتہ ایک دن میں 583 نئے معاملوں کے سامنے آنے کے بعد ریاست میں متاثروں کی تعداد بڑھ کر 10,498 ہوگئی ہے اور اس دوران 27 اور لوگوں کی موت کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 459 ہوگئی ہے۔ ریاست میں 1773 انفیکشن سے متاثر مریض ٹھیک بھی ہوچکے ہیں۔