کولکاتا: راشن گھوٹالے کے معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم مغربی بنگال میں مسلسل چھاپے مار رہی ہے۔ دریں اثنا، جمعہ کو ای ڈی کی ٹیم چھاپے مارنے شمالی 24 پرگنہ پہنچی لیکن اسے گاؤں والوں کے ہجوم نے گھیر لیا اور حملہ کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق، ہجوم نے ای ڈی افسران کے ساتھ ساتھ مرکزی سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں کی بھی توڑ پھوڑ کی۔
ای ڈی ٹیم پر حملے کا یہ معاملہ شمالی 24 پرگنہ ضلع کے سندیشاکھلی گاؤں کا ہے۔ تفتیشی ایجنسی کی ٹیم راشن گھوٹالہ معاملے میں ٹی ایم سی لیڈر ایس کے شاہجہان شیخ کے گھر پر چھاپہ مارنے یہاں پہنچی تھی۔ اس دوران تقریباً 200 لوگوں کے ہجوم نے ای ڈی ٹیم پر اچانک حملہ کر دیا۔
ہجوم نے ای ڈی افسر اور ان کے ساتھ موجود مرکزی سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی۔ معلومات کے مطابق ای ڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بھی اس ٹیم میں شامل تھے جو چھاپہ مارنے آئی تھی۔ ہجوم نے ان کی گاڑی کو بھی توڑ دیا۔ تاہم اس حملے کے بعد ٹی ایم سی لیڈر ایس کے شاہجہاں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔