پنجاب میں کئی وزرائے اعلیٰ ہارے

چنڈی گڑھ:10۔مارچ(ورق تازہ نیوز) پنجاب اسمبلی کا الیکشن وزیر اعلیٰ اور سابق وزرائے اعلیٰ کے لیے ہار کاباعث بنا ہے۔ پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ پٹیالہ شہر سے الیکشن ہار گئے ہیں۔ کانگریس کے وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چنی چمکور صاحب اور بھدور سیٹوں سے ہار گئے ہیں۔ کانگریس نے چنی کو سی ایم کے عہدے کا دلت چہرہ قرار دیا تھا۔

پنجاب میں سابق وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل لمبی سیٹ سے پیچھے ہیں۔ اور ان کے بیٹے سابق ڈپٹی سی ایم سکھبیر بادل بھی جلال آباد سیٹ سے ہار گئے ہیں۔ پنجاب میں کانگریس کی حالت اتنی خراب ہو گئی ہے کہ چنی جنہیں دلت وزیراعلیٰ کے طور پر پیش کیا گیا تھا، دونوں سیٹوں سے الیکشن ہار گئے ہیں۔ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے طوفان میں کئی تجربہ کار لیڈروں کے پرخچے اُڑ گئے۔ اکالی دل کے سب سے بڑے لیڈر پرکاش سنگھ بادل اور سکھبیر سنگھ بادل کی حالت بھی نازک دکھائی دے رہی ہے۔

اکالی دل نے اس بار بی ایس پی کے ساتھ اتحاد کر کے الیکشن لڑا تھا۔ اکالی دل نے زرعی قوانین کے معاملے پر این ڈی اے کو چھوڑ دیا تھا۔ وہیں بی جے پی اس بار سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کی پارٹی پنجاب لوک کانگریس کے ساتھ لڑ رہی تھی۔ لیکن امریندر سنگھ خود اپنے گڑھ میں الیکشن ہار گئے۔ انہیں AAP کے اجیت پال نے شکست دی۔

Leave a comment