ممبئی:فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس نے مہاراشٹر کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست کے پسماندہ طبقات کمیشن کی جانب سے کئے جارہے سروے میں تعاون کریں اور پوچھے جانے والے سوالات کا صحیح جواب دیں ۔ واضح ہو کہ حکومت مہاراشٹر پسماندہ طبقات کمیشن کے ذریعہ ۲۳تا ۳۱ جنوری مراٹھا سماج کی تعلیمی معاشی اور سماجی پسماندگی کے ساتھ اوپن زمرے کے دیگر طبقات کا بھی سروے کروارہی ہے ۔
حکومت کے جی آر اور او بی سی کمیشن کے سرکیولر کے علاوہ دیگر کے سروے کے تعلق سے بھی ہدایت ہے ۔ ایف ایم ایم کے کنوینر شیخ عبدالمجیب جالنہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اچھا موقع ہے کہ مراٹھا سماج کی معاشی ، تعلیمی اور سماجی پسماندگی کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی پسماندگی بھی حکومت اور پسماندہ طبقات کمیشن کے ریکارڈ پر آجائے گی ۔
اس سے قبل بھی رنگا ناتھ کمیشن ، سچر کمیشن اور محمود الرحمن کمیٹی کی رپورٹ میں مسلمانوں کی پسماندگی کی تفصیلات آچکی ہیں ۔ان کمیشنوں نے مسلمانوں کی پسماندگی دور کرنے کیلئے حکومت سے ریزرویشن کی شفارش کی تھی ۔ ایسی خبریں آرہی ہیں کہ مسلمان سروے کیلئے آنے والے سرکاری اہلکاروں سے تعاون نہیں کررہے ہیں ، درست رویہ نہیں ہے ۔ لہذا مقامی سماجی سیاسی کارکنان اور تنظیموں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس سلسلے میں مسلمانوںکی رہنمائی کریں ۔
یہ بات بھی واضح کریں کہ آدھار کارڈ دینا لازمی نہیں ہے چاہے تو دیں یا نہ دیں۔ ساتھ ہی فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس پسماندہ طبقات کمیشن سے اپیل کرتا ہے کہ وہ مذہب کے کالم میں مسلم کے بجائے اسلام لکھ کر سروے ایپ کو اپڈیٹ کریں تاکہ مسلمانوں کی بے چینی کو دور کیا جاسکے۔ فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس مسلمانوں سے بھی اپیل کرتا ہے کہ وہ اس بنیاد پر معلومات دینے سے پرہیز نہ کریں کہ مذہب کے کالم میں اسلام نہیں ہے بلکہ آنے والے اہل کاروں کا تعاون کریں اور بیداری بھی پیدا کریں۔
اس طرح کی اپیل فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس کے جوائنٹ پریس ریلیز میں کی گئی ہے پریس ریلیز دینے والوں میں مولانا حافظ الیاس خان فلاحی امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند،مولانا محمود احمد دریا آبادی جنرل سکریٹری علماء کونسل، ابو عاصم اعظمی ایم ایل اے و صدر سماج وادی پارٹی مہاراشٹر ، مولانا حافظ سید اطہر،عالم دین اہل سنت والجماعت صدر علماء ایسوسی ایشن ممبئی ، مہاراشٹر ، مولانا حلیم اللہ قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیتہ علمائے ہند مہاراشٹر فرید شیخ صدر امن کمیٹی ممبئی ، عبدالحفیظ پترکار جالنہ، مولانا ظہیر عباس رضوی نائب صدر شیعہ پرسنل لاء بورڈ ، ڈاکٹر سعید احمد فیضی،ناظم عمومی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر مولانا مفتی حذیفہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیت علمائے ہند مہاراشٹر ، مولانا آغا روح ظفر ،امام خوجہ جماعت ممبئی ، مولانا انیس اشرفی رضا فاؤنڈیشن ممبئی، مولانا نظام الدین فخر الدین ، ممبر مسلم پرسنل لا بورڈ پونہ
ہمایوں شیخ ناظم ممبئی جماعت اسلامی ہند ، شیخ عبدالمجیب کوآرڈینیٹر فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس،شاکر شیخ ، کو کوآرڈینیٹر فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس.