مدینتہ العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے بانی ممبر پروفیسر ایم ایم پٹھان کی رحلت

اورنگ آباد/ناندیڑ:27مارچ(ورق تازہ نیوز)مدینتہ العلوم ایجوکیشن سوسائٹی ناندیڑ کے بانی ممبر ناندیڑ و اورنگ آباد کی معروف علمی‘ سماجی اور سیاسی شخصیت پروفیسر ایم ایم پٹھان کا آج 27 مارچ کو گیارہ بجے قضائے الہیٰ سے انتقال ہوگیا ۔

وہ کچھ دنوں سے علیل تھے۔ 82سالہ ایم ایم پٹھان گردے اور شوگر کے عارضے میں مبتلا تھے ۔ان کی نماز جنازہ آج ہی بعد نماز مغرب عرفات مسجد اورنگ آباد میں ادا کی جائے گی اوراسی مسجد کے قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی ۔

پسماندگان میں اہلیہ محترمہ ‘ چاربیٹے اور ایک بیٹی ہیں ۔ وہ ناندیڑ کے یشونت کالج کے صدرشعبہ فزیکس کے عہدے پر وظیفہ حسن خدمت پرسبکدوش ہوئے تھے ۔مرحوم سادہ لوح‘ ملنسار ‘ نرم گفتار ‘خوش مزاج ‘خوش اخلاق اور خلیق شخصیت کے حامل تھے۔ محمدتقی (مدیراعلیٰ ورق تازہ) ‘ خورشیداحمد‘ ڈاکٹر فہیم احمد صدیقی اور قاضی محمد اطہر الدین نے پروفیسر ایم ایم پٹھان کے انتقال پُرملال پراپنے گہرے رنج و افسوس کااظہار کرتے ہوئے ان کےلئے دعائے مغفرت کی ہے۔