پرفل پٹیل اور سنیل تٹکرے ہی ہمارے لیڈر ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے، خبر کو غلط انداز میں پیش کیا گیا: اویناش آدیک

پرفل پٹیل اور سنیل تٹکرے ہی ہمارے لیڈر ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے، خبر کو غلط انداز میں پیش کیا گیا: اویناش آدیک

پرفل پٹیل قومی کارگزار صدر اور سنیل تٹکرے ریاستی صدر ہیں اور آگے بھی رہیں گے: اُمیش پاٹل

ممبئی: راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اویناش آدیک نے پارٹی کے دہلی دفتر سے متعلق شائع ہونے والی خبروں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرفل پٹیل اور سنیل تٹکرے پارٹی کے اعلیٰ ترین لیڈر ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بعض میڈیا رپورٹس میں دہلی میٹنگ کے حوالے سے غلط اور گمراہ کن خبریں شائع کی گئیں، جس سے پارٹی اور اس کی قیادت کی شبیہ کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس معاملے میں قانونی مشورہ لیا جا رہا ہے اور پیر تک ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کیا جائے گا۔

ممبئی میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اویناش آدیک نے کہا کہ بعض صحافیوں نے یہ سوال اٹھایا تھا کہ دہلی میں پارٹی دفتر میں پرفل پٹیل اور سنیل تٹکرے کے داخلے یا بیٹھنے پر پابندی عائد کی گئی ہے، جو سراسر مضحکہ خیز اور بے بنیاد بات ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہلی دفتر میں جگہ محدود ہونے کی وجہ سے پرفل پٹیل اور سنیل تٹکرے ہمیشہ صدر کے کیبن میں بیٹھتے رہے ہیں اور اب بھی ان کے بیٹھنے کی جگہ وہی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے لیے کبھی الگ کمرہ یا دفتر مختص نہیں تھا، اس کے باوجود بعض میڈیا اداروں نے ادھر اُدھرکی بے بنیاد اور سنسنی خیز خبر شائع کر دی۔

اویناش آدیک نے بتایا کہ وہ خود جمعہ کو پارٹی کے دہلی دفتر گئے تھے، جس کے بعد ایک اخبار میں اس سے متعلق خبر شائع ہوئی۔ اسی خبر کی وضاحت کے لیے آج پریس کانفرنس بلائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جب اجیت دادا پوار پارٹی کے قومی صدر تھے، تب بھی وہ قومی جنرل سکریٹری کی حیثیت سے دہلی دفتر کے امور دیکھتے تھے۔ پرفل پٹیل اور اجیت دادا پوار نے انہیں دہلی دفتر کی ذمہ داری سونپی تھی اور وہ ہفتے میں تین دن پارٹی کے امور انجام دیتے اور ملک بھر کے کارکنان سے رابطے میں رہتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اجیت دادا پوار کے انتقال کے بعد اکتوبر سے لے کر گزشتہ جمعہ تک وہ دہلی دفتر نہیں گئے تھے، لیکن نئی فہرست میں دوبارہ قومی جنرل سکریٹری مقرر کیے جانے کے بعد انہیں وہی پرانی ذمہ داری دی گئی ہے، جس کے تحت وہ دہلی گئے اور کارکنان سے ملاقات کی۔ اویناش آدیک نے کہا کہ آج شائع ہونے والی خبر کے بعد پارٹی مخالف عناصر نے اس معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی کوشش کی، اسی لیے ضروری تھا کہ حقیقت عوام کے سامنے رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ خبر میں مخصوص افراد کے نام لے کر دعوے کیے گئے تھے، اس لیے اب اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس موقع پر شولاپور ضلع صدر اُمیش پاٹل نے بھی میڈیا سے بات کی اور کہا کہ الیکشن کمیشن کو دیے گئے ورکنگ کمیٹی اور بیئرر کمیٹی سے متعلق خطوط کو لے کر مختلف طرح کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ سُنیترہ اجیت پوار کی ہدایت پر ہی یہ وضاحتی پریس کانفرنس منعقد کی گئی ہے۔ اُمیش پاٹل نے واضح کیا کہ اگرچہ الیکشن کمیشن کو دیے گئے خط میں پرفل پٹیل کے عہدے کا ذکر راجیہ سبھا گروپ لیڈر کے طور پر کیا گیا ہے، لیکن وہ بدستور قومی کارگزار صدر ہیں اور رہیں گے۔ اسی طرح اگر سنیل تٹکرے کے عہدے کا ذکر خط میں نہیں بھی ہے، تب بھی وہ ریاستی صدر ہیں اور آگے بھی اسی عہدے پر برقرار رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ راشٹروادی کانگریس سے متعلق جو عدالتی کارروائیاں جاری ہیں، ان کے تناظر میں وکلاء کی ہدایت پر بعض دستاویزات فوری طور پر جمع کرانی تھیں، اسی لیے عارضی فہرست تیار کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ورکنگ کمیٹی ہی پارٹی کی سب سے اعلیٰ کمیٹی ہے اور اسی کو بیئرر کمیٹی تشکیل دینے اور عہدیداروں کی تقرری کے اختیارات حاصل ہیں۔ اُمیش پاٹل نے میڈیا اور پارٹی کارکنان سے اپیل کی کہ ورکنگ کمیٹی اور بیئرر کمیٹی سے متعلق پھیلائی جا رہی افواہوں پر یقین نہ کیا جائے۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پرفل پٹیل قومی کارگزار صدر اور سنیل تٹکرے ریاستی صدر ہیں اور پارٹی میں ان کی حیثیت برقرار رہے گی۔

اس پریس کانفرنس میں راشٹروادی کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری اویناش آدیک، شولاپور ضلع صدر اُمیش پاٹل، دفترکے سکریٹری سنجے تٹکرے، ریاستی جنرل سکریٹری لطیف تمبولی سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔

NCP Urdu News 16 May 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading