پربھنی :(ورق تازہ نیوز )27۔جنوری : کل پربھنی کے کامل اردو ہائی اسکول، یوسف کالونی میں جوش و خروش کے ساتھ 70 واں جشن یوم جمہوریہ منایا گیا. پرچم کشائی اور راشٹر گیت کے ساتھ بھارت کے جھنڈے کو سلامی دی گئی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں. بعد ازاں بضمن یوم جمہوریہ ایک جلسہ پرائمری صدر معلّمہ شیخ غوثیہ نیلوفر میڈم کی صدارت میں منعقد کیا گیا. جسکی نظامت جماعت دہم کی طالبات مہرالنّساء بیگم حمید خان اور ثناء صنوبر شیخ اکبر نے بخوبی نبھائی. جلسہ کا آغاز مدرس *محمد صلاح الدین سر کی تلاوت کلام پاک سے ہوا. جماعت دہم کے طالب علم شیخ عبدالرّحیم شیخ محمد خالد نے حمد باری پیش کی جبکہ نعت پاک صدر معلّمہ شیخ غوثیہ نیلوفر میڈم اور جماعت ہشتم کی طالبہ عائشہ فرحین شیخ اعجاز نے پڑھی. طلبہ و طالبات نے تقاریر پیش کی. اساتذہ کرام نے بھی اپنی تقاریر میں طلباء کو یوم جمہوریہ کی تاریخی اہمیت سے روشناس کروایا اور انھیں دستور ہند کے تئیں پاسداری، وفاداری اور ایمانداری رکھنے اور اسکی حفاظت کرنے کی تلقین کی. کھیل کود میں کرکٹ، لیموں چمچہ ریس، رننگ ریس، لنگڑی ریس کے علاوہ سائنسی کوئز، بیت بازی، ذہنی آزمائش وغیرہ مقابلہ جات میں کامیاب ہونہار طلبہ و طالبات کو اساتذہ کرام صدیقی محمد شرف الدین سر، محمد صلاح الدین سر، محمد مظہر سر اور محمد عبدالعلیم سر نے خود اپنی طرف سے بہترین میڈلس و انعامات سے نوازا اور مٹھائیاں تقسیم کیں. اس موقع پر کامل ایجوکیشن سوسائٹی کے سیکریٹری محترم اقبال احمد خان سر نے بھی کھیل کود اور مختلف تعلیمی سرگرمیوں کے مقابلہ جات میں کامیاب ہونہار طلبہ و طالبات کی تعریف اور ہمّت افزائی کرتے ہوئے انھیں مبارکباد دی اور ساتھ ہی ساتھ اساتذہ کرام کی انتھک محنت، کاوشوں کی بھی خوب پذیرائی کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا.