کراچی : پاکستان میں کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اوربارش کے دوران کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں 2 بھائیوں سمیت 8 افراد کی موت اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔ پولس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق سائٹ کے علاقے میں بارش کے دوران بجلی کا تار موٹر سائیکل سواروں پر آگرا جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
دونوں افراد علیحدہ علیحدہ موٹر سائیکلوں پر سوار تھے کہ سائٹ مدرسے کے قریب پی ایم ٹی کا تار ان کے اوپر آگرا۔ علاقہ کے ایس ایچ او سلیم اعوان کا کہنا تھا کہ بجلی کا تار گرنے سے لگنے والے کرنٹ سے دونوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جن کی شناخت عبدالرؤف اور عبدالمنان کے نام سے ہوئی۔
دوسری جانب ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تین ہٹی میں ندی لیاری کے قریب 3 بچے کھیل رہے تھے جن میں سے دو ڈوب گئے تاہم ایک بچے کو فوری طور پر بچالیا گیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق فیڈرل بی ایریا کے موسیٰ کالونی میں واقع ایک گھر میں بارش کا پانی داخل ہوگیا تھا جہاں دو بھائی 11 سالہ جاوید اور 14 سالہ سلیم کو بجلی کا تار گرنے سے کرنٹ لگا اور دونوں ہلاک ہوگئے۔گلبرگ کے ایس ایچ او رافع تنولی کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے دو نوجوان بھائی تھے اور اپنے گھر اندر ہی کرنٹ لگنے سے دم توڑ گئے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
