پانی کے بقایا بلوں کی وصولی کے لیے تھانے میونسپل کارپوریشن حرکت میں، 100 فیصد جرمانہ معافی کا اعلان
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے میونسپل کارپوریشن نے پانی کے بلوں کی وصولی کو مؤثر بنانے کے لیے جارحانہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کے تحت طویل عرصے سے پانی کے بل ادا نہ کرنے والے کھاتہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کے پانی کے کنکشن منقطع کیے جا رہے ہیں اور میٹر رومز کو سیل کیا جا رہا ہے۔
میونسپل کارپوریشن کے دائرہ اختیار میں گھریلو پانی کی فراہمی کے منصوبوں سے متعلق اگر بقایا پانی کا بل موجودہ سال کے مطالبے کے ساتھ یکمشت ادا کیا جاتا ہے تو انتظامی فیس یعنی جرمانہ اور سود پر 100 فیصد رعایت دی جا رہی ہے۔ پانی کے بقایا بلوں پر دی جانے والی اس مکمل رعایت کو دیکھتے ہوئے محکمہ واٹر سپلائی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے بقایاجات فوری طور پر ادا کریں۔
میونسپل کارپوریشن کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ جن کھاتہ داروں پر بقایا رقم باقی ہے، ان کے خلاف فوری ضبطی کی کارروائی تجویز کی گئی ہے۔ اس کے تحت پانی کے کنکشن منقطع کرنے، میٹر رومز سیل کرنے اور غیر قانونی پمپس ضبط کرنے کی کارروائی جاری ہے۔ تاہم میونسپل انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت پانی کے بل ادا کریں اور کسی بھی قسم کی سخت کارروائی سے بچیں۔