ٹریفک کے دباؤ سے نجات کے لیے قواعد میں تبدیلی ضروری: وزیر پرتا پ سرنائیک ایم ایم آر ڈی اے کے علاقوں میں مربوط پارکنگ نظام متعارف ک رانے پر زور

ٹریفک کے دباؤ سے نجات کے لیے قواعد میں تبدیلی ضروری: وزیر پرتاپ سرنائیک
ایم ایم آر ڈی اے کے علاقوں میں مربوط پارکنگ نظام متعارف کرانے پر زور

ممبئی، 27 جون (آفتاب شیخ)
شہری سڑکوں پر ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ سے نجات اور نظم و ضبط پیدا کرنے کے لیے شہری ترقیاتی محکمہ کو پارکنگ کی بنیاد پر اپنے قواعد و ضوابط میں تبدیلی کرنی ہوگی۔ یہ بات ریاست مہاراشٹر کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے کہی۔ وہ منترالیہ (سیکریٹریٹ) میں منعقدہ "ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی" (ایم ایم آر ڈی اے) کے دائرہ کار میں آنے والے مختلف میونسپل کمشنروں کی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیر سرنائیک نے کہا کہ آئندہ تمام میونسپل کارپوریشنوں کو اپنے شہر کی ترقیاتی منصوبہ بندی میں پارکنگ کے لیے مخصوص جگہیں مختص کرنا لازمی ہوگا۔ اس مقصد کے تحت شہری ترقیاتی محکمہ کو اپنے موجودہ قواعد میں ترمیم کر کے ایم ایم آر ڈی اے کے دائرہ کار میں آنے والے میونسپل اداروں کو 14 نکاتی رہنما ہدایات جاری کرنی چاہئیں۔

اس اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے ایڈیشنل سیکریٹری سنجے سیٹھی، محکمہ شہری ترقی کے ایڈیشنل سیکریٹری اسیم گپتا، ٹرانسپورٹ کمشنر ویویک بھیمنوار، اور ممبئی، تھانے، نئی ممبئی، بھیونڈی-نظام پور، پنویل، میرا-بھائیندر، وسئی-ویرار کے میونسپل کمشنر موجود تھے۔
اس موقع پر شہری ترقیاتی محکمہ کے ایڈیشنل سیکریٹری اسیم گپتا نے کہا کہ سڑک کنارے غیر قانونی پارکنگ سے پیدا ہونے والی ٹریفک بھیڑ سے بچنے کے لیے میونسپل اداروں کو چاہیے کہ وہ اپنے کھلے مقامات پر "پے اینڈ پارک" پر مبنی پارکنگ سسٹم تیار کریں۔

ساتھ ہی، نجی سوسائٹیوں اور زمین مالکان کی پیشگی اجازت کے ساتھ، رات کے اوقات یا دفتر کے بعد کے وقت میں "پے اینڈ پارک" سہولت متعارف کرانے کی گنجائش تلاش کی جانی چاہیے۔ اس کے علاوہ، ایسے سڑکوں پر تجرباتی بنیاد پر ایک دن کے لیے پارکنگ کا نظام نافذ کیا جا سکتا ہے جہاں سڑک کی چوڑائی مناسب ہو تاکہ اس کا اثر دیکھا جا سکے۔

انہوں نے تجویز دی کہ اگر یہ نظام "فاسٹ ٹیگ" کی بنیاد پر بغیر انسانی مداخلت کے ہو، تو عوام اسے زیادہ آسانی سے استعمال کر سکیں گے۔ وزیر سرنائیک نے یہ بھی کہا کہ پارکنگ فیس انتہائی کم رکھی جائے تاکہ ہر طبقے کے لوگ اسے برداشت کر سکیں اور سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
بڑھتی ہوئی شہری آبادی اور جگہ کی قلت کے پیش نظر وزیر سرنائیک نے مشورہ دیا کہ بڑے شہروں میں پارکوں اور تفریحی باغات کے نیچے زیرزمین پارکنگ کی سہولیات بنائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں تھانے میونسپل کارپوریشن نے پہل کی ہے اور دیگر میونسپل اداروں کو بھی اس ماڈل کو اختیار کرنا چاہیے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading