(ویڈیو) ٹی وی رپورٹر کے جسم کو چھونے کی نازیبا حرکت کرنے والا شخص گرفتار

اسپین میں ایک خاتون فٹ بالرکو فٹ بال فیڈریشن کے صدر کی جانب سےبوسہ دینے کے اسکینڈل کے بعد جنسی ہراسانی کے ایک تازہ واقعے نے ملک بھر میں غم وغصے کی لہر دوڑا دی ہے۔تازہ واقعے میں ایک خاتون رپورٹر کوایک شخص نے چھونے کی کوشش کی جس پر اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

یہ واقعہ گذشتہ منگل کو پیش آیا جب کیوٹرو چینل کی رپورٹر عیسیٰ بالادو میڈرڈ میں ایک ڈکیتی کی کوریج کر رہی تھی۔

آن ایئر ہراساں
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم بالادو کے پیچھے آیا اور اس کے جسم پر ہاتھ رکھ کر اس سے اس ٹی وی چینل کے بارے میں پوچھا جس کے لیے وہ کام کرتی تھی۔

بالادو جو ابھی بھی آن ایئر تھی نے اس شخص کو ایک طرف دھکیلنے اور اپنی رپورٹ جاری رکھنے کی کوشش کی۔ دوسری طرف اسٹوڈیو میں موجود نیوزکاسٹرناچو آباد نے بالادو کو روک کر پوچھا کہ کیمرے میں دکھائی دینے والا یہ شخص کون ہے؟

صحافیہ کی طرف سے ملزم کو وہاں سے ہٹانے کی بار بار کی کوشش ناکام ہونے کے بعد کیمرہ مین نے کیمرہ اس شخص کی طرف موڑ دیا۔ملزم نے اس کے جسم کو چھونے سے انکار کیا تاہم کہا کہ وہ وہاں سے جا رہا تھا لیکن اس کے بال اس کے ہاتھ میں پھنس گئے۔

اس شخص کو لائیو ٹیلی ویژن پر ایک خاتون رپورٹر کے ساتھ جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے X پلیٹ فارم پرویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں اس شخص کوخاتون رپورٹر کو ہراساں کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ہراسانی کا شکار ہونے والی رپورٹر کے ساتھ عوامی حلقوں کی طرف سے یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے جب کہ ٹی وی چینل کے مالک نے بھی اس کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔