وہ آئین تبدیل کرنے کی کوشش کریں گے تو پورا ملک ان کے خلاف کھڑا ہوگا: ادھو ٹھاکرے

عثمان آباد:شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی آئین کو تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ اگر ایسا ہوا تو نہ صرف ہم، ہماری پارٹی بلکہ پورا ملک اس کے خلاف اٹھ کھڑا ہوگا۔ مرکزی ایجنسیاں بی جے پی کی ’نوکر‘ بن گئی ہیں۔ 4 جون کو نتائج کے بعد میری پارٹی کے لوگوں کو ہراساں کرنے والوں کو سود سمیت ہرجانہ ادا کرنا پڑے گا۔

مہاراشٹر کے عثمان آباد میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ بی جے پی آئین کو بدلنا چاہتی ہے۔ جس دن وہ آئین کو تبدیل کرنے کی کوشش کرے گی پورا ملک اس کے خلاف کھڑا ہو جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کا بھی ذکر کیا اور نشانہ بنایا جس میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو ہندوستان کا اگلا وزیر اعظم بنانے کے لیے بے چین ہے۔

ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ یہ بات ہندوستان کا وہ لیڈر کہہ رہا ہے جو پاکستان جا کر نواز شریف کے ساتھ کیک کھاکرآیا ہے۔ اس سے قبل کسی نے پاکستان جاکر کیک نہیں کھایا تھا۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ انڈیا الائنس کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد زراعت کے لیے بیجوں، فصلوں کو کیڑوں سے بچانے کی ادویات نیز دیگر زرعی آلات و ساز و سامان پر سے جی ایس ٹی ختم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کے نظام میں اصلاحات کی جائیں گی اور ٹیکس کی دہشت گردی کو روکا جائے گا۔