بنگلور،29نومبر(یو این آئی) الیکشن کمیشن نے گوکک اور کگواڈ میں کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بی ایس یدیورپا کی تقاریر کے سلسلے میں ان کے خلاف دو ایف آئی آر درج کروائی ہے۔
ایڈیشنل چیف الیکٹورل افسر (اخراجات کنٹرولر) پرینکا میری فرانسِس نے جمعہ کو یہاں ایک بیان میں کہا،’ کرناٹک کے وزیراعلیٰ بی ایس یدیورپا کے 23 نومبر کو کگواڈ اسمبلی حلقے کے دو مقات گوکک اور شیروپی میں مبینہ طور پر دیے گئے ان کے ذات پر مبنی بیان کی تفتیش کی گئی‘۔
محترمہ فرانسِس نے کہا کہ 20 نومبر کو ہیناکیرے چیک پوسٹ پر ریاستی وزیر داخلہ باسوراج بومَّئی کی گاڑی کی تفتیش نہ کرنے پر الیکشن کمیشن نے وہاں کے چھ افسران کے خلاف معاملے درج کیے ہیں اور ان میں سے دو کو معطل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر داخلہ کے قافلے میں شامل گاڑی کے ڈرائیور کے خلاف چیک پوسٹ کے افسران کے ساتھ تعاون نہ کرنے کے الزام میں مدُّر تھانے میں ایف آر درج کرائی گئی ہے۔ چیک پوسٹ کے پورے عملے کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے واراہا چیک پوسٹ پر 25نومبر کو مسٹر یدیورپا کے بیٹے اور رکن پارلیمنٹ بی وائی راگھویندر کی گاڑی کی مناسب ڈھنگ سے تلاشی نہ لیے جانے کے معاملے میں نگراں ٹیم کے چار افسران کو بھی معطل کر دیا ہے۔