کومل فاروق صحافی
GETTY IMAGESنیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں جمعے کے روز دو مساجد پر ہونے والے ’دہشت گرد‘ حملوں کے بعد ملک کی وزیر اعظم جاسنڈا آرڈرن کو ان کے ہمدردانہ رویے کے لیے بہت سراہا جا رہا ہے۔
اس کی تازہ مثال وہ حالیہ تصویر ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
وزیر اعظم آرڈرن نے اتوار کو نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ویلینگٹن کی کِلبِرنی مسجد میں نمازیوں سے تعزیت کی۔
اس موقع پر انھوں نے سیاہ رنگ کا سکارف زیب تن کیا ہوا تھا اور وہ مردوں اور خواتین پر مشتمل لواحقین کے ہجوم میں کھڑے ایک ایک شخص کے ساتھ گلے لگ کر ان سے ذاتی طور پر افسوس کر رہی تھیں۔
جاسنڈا آرڈرن کون ہیں؟
جاسنڈا کیٹ لورل آرڈرن 26 جولائی 1980 کو نیوزی لینڈ کے شہر ہیملٹن میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد پولیس افسر تھے جبکہ ان کی والدہ سکول میں کیٹرنگ اسسٹنٹ کا کام کرتی تھیں۔
یونیورسٹی آف وائے کاٹو سے سیاست اور تعلقات عامہ میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کے ساتھ پالیسی مشیر کے طور پر کام کرنے کے لیے جاسنڈا لندن منتقل ہو گئیں۔
ان کی پرورش ایک مورمن عیسائی کے طور پر کی گئی، لیکن ہم جنس پرستوں کے حقوق کی حمایت کرنے کے لیے انھوں نے 2005 میں مذہب سے علیحدگی اختیار کر لی۔
GETTY IMAGESنیوزی لینڈ کی 150 سالہ تاریخ میں سب سے کم عمر رہنما
انھوں نے نوجوانی میں ہی نیوزی لینڈ کی لیبر پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور 2008 میں نیوزی لینڈ کی سب سے کم عمر پارلیمانی رکن بن گئیں۔ پھر اگست 2017 میں انھوں نے قائد حزب اختلاف کا عہدہ سنبھالا۔
جاسنڈا آرڈرن 26 اکتوبر 2017 کو نیوزی لینڈ فرسٹ اور لیبر پارٹی کے اتحاد سے بننے والی مخلوط حکومت کی وزیر اعظم ٹھہریں اور اسی طرح وہ نیوزی لینڈ کی تیسری خاتون وزیر اعظم بنیں۔
38 سالہ آرڈرن نیوزی لینڈ کی 150 سالہ تاریخ میں سب سے کم عمر رہنما ہیں۔
’میں ماں ہوں، سُپر ومین نہیں‘
وہ جون 2018 میں اپنے دور حکومت میں بچے کو جنم دینے والی دوسری حکمران خاتون بن گئیں۔ اس سے پہلے یہ اعزاز پاکستان کی بینظیر بھٹو کے پاس تھا، جن کی بیٹی بختاور کی پیدائش اس وقت ہوئی جب وہ پاکستان کی وزیراعظم تھیں۔
جاسنڈا آرڈن کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ اپنے تین ماہ کے بچے کے ساتھ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے والی پہلی رہنما تھیں۔
کہا جاتا ہے کہ جاسنڈا کا سیاسی نقطۂ نظر ترقی پسند، سوشل ڈیموکریٹک اور فیمینسٹ ہے۔
GETTY IMAGES