گرینزبورو، شمالی کیرولائنا سے تعلق رکھنے والی کیٹلن لٹل کو ایک عجیب و غریب بیماری ہے۔ کیٹلن کو ڈیڑھ سال سے عجیب و غریب قسم کا نسیان لاحق ہو گیا ہے۔ ہر رات جب وہ سوتی ہیں تو اُن کی اس دن کی یاداشت ختم ہو جاتی ہے، صبح جاگنے پر انہیں لگتا ہے کہ وہ اکتوبر 2017 کی کسی صبح میں جاگی ہیں۔کیٹلن کی بیماری بھی مقبول رومانوی مزاحیہ فلم 50 First Dates جیسی لگتی ہے۔فلم میں ڈریو بیری مور کا کردار ایک کار کے حادثے میں ہر روز اپنی یاد داشت کھو بیٹھتا ہے اور اس کے دوست کو ہرروز ہی دوبارہ اس سے نئے طریقوں سے دوستی کرنی پڑتی ہے۔فلم میں ڈریو بیری مور کو افسانوی بیماری ”گولڈ برگز سینڈروم“ (Goldberg’s Syndrome) کا شکار دکھایا گیا ہے۔ اس افسانوی بیماری کے حقیقی زندگی میں بھی کچھ کیسز سامنے آئے ہیں۔
آج اس افسانوی بیماری کو طبی طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے۔اسے anterograde amnesia کا نام دیا گیا ہے۔
12 اکتوبر 2017 کو کھیل کے دوران بھاگتے ہوئے کیٹلن کا سر اپنی ایک ساتھی سے ٹکرا گیا۔ اس دماغی جھٹکے کے بعد وہ رات کو سوتی ہیں تو اُن کی اس دن کی یاداشت ختم ہو جاتی ہے۔جاگنے پر انہیں لگتا ہے کہ وہ 12 اکتوبر 2017 کی صبح جاگی ہیں۔ کیٹلن کے کو اُن کے والدین ہر روز بہت آرام سے جگاتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ دو سال پہلے ان کا سر ٹکرا گیا تھا، جس سے اُن کی روز کی یاداشت ختم ہو جاتی ہے۔جاگنے پر کیٹلن حیرانی سے پوچھتی ہیں کہ ایسا کیسے ہو سکتا ہے؟ اس پر ان کے والد انہیں بستر کے ساتھ موجود جریدہ پڑھنے کو کہتے ہیں، جس میں کیٹلن کے حادثے سے لیکر اب تک کے واقعات لکھے ہیں۔ اس کے 15 سے 20 منٹ بعد کیٹلن اس دن کی تیاری شروع کر دیتی ہیں۔ کیٹلن کی بیماری کی وجہ سے اُن کی پڑھائی کا کافی حرج ہو رہا ہے۔ اُنہیں سکول میں پڑھا ہوا کچھ یاد نہیں رہتا۔انہیں اپنے اساتذہ کے نام بھول جاتےہیں۔ انہوں نےا پنے اساتذہ کے نام لکھے ہوئے ہیں تاکہ انہیں مشکل نہ ہو۔کیٹلن کی خصوصی تعلیم کی استانی ٹریسی ہیلمز کا کہنا ہے کہ کیٹلن انہیں روز ایسے ملتی ہے، جیسے وہ پہلی بار مل رہے ہوں۔
کیٹلن کے والدین نے انہیں بہت سے ڈاکٹروں کو دکھایا ہے لیکن کسی کے پاس بھی اُن کے مرض کا علاج نہیں۔ اس کے باوجود اُن کے علاج معالجے پر یومیہ 1 ہزار ڈالر خر چ ہو رہا ہے۔کیٹلن کے والدین میں سے فی الحال کوئی نہیں کماتا۔ مائی فاکس 8 چینل نے کیٹلن پر ایک ڈاکیومنٹر ی Caitlin Can’t Remember بنائی تھی۔ اس کے بعد سے بہت سے لوگ کراؤڈ فنڈنگ ویب سائٹ گو فنڈ می پر کیٹلن کی مالی مدد کرتے ہیں۔
کیٹلن کے والدین کو امید ہے کہ ایک دن اُن کی بیماری کا علاج ہوسکے اور وہ سب کچھ یاد رکھ سکیں گی لیکن تب تک کیٹلن کو اپنی انوکھی بیماری سے روز ہی نپٹنا ہے۔