ناندیڑ، 31 مئی: (ورق تازہ نیوز)ناندیڑ ضلع میں گاؤ ونش ہتیا قانون پر سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے اتوارہ پولیس نے دیگلوناکہ سے متصل کئی علاقوں میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں انجام دیں۔ پولیس نے شبہ کی بنیاد پر متعدد مقامات پر چھاپے مارے اور کئی مویشیوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ جس کے ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، یہ کارروائیاں ریاستی حکومت کی ہدایت پر کی جا رہی ہیں تاکہ گاؤ کشی کے قانون کی خلاف ورزیوں کو روکا جا سکے۔ پولیس نے بعض علاقوں میں مویشیوں کی منتقلی کے دوران گاڑیوں کو روکا اور قانونی دستاویزات کی جانچ کی۔ جن مویشیوں کی نقل و حمل کے دوران ضروری اجازت نامے اور اسناد موجود نہ تھیں، انہیں فوری طور پر ضبط کر لیا گیا۔
اتوارہ پولیس کی ان کارروائیوں سے مقامی مسلم طبقے میں شدید بے چینی اور خوف کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ کئی افراد کا کہنا ہے کہ ان کے کاروبار، خاص طور پر مویشیوں کی خرید و فروخت، پر براہ راست اثر پڑا ہے اور انھیں بلا وجہ نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
مقامی سماجی کارکنان اور اقلیتی تنظیموں نے ان کارروائیوں پر سوال اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قانون کی عمل آوری میں غیرجانبداری اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی طبقے کو ناحق ہراساں نہ کیا جائے۔
ادھر، پولیس کا موقف ہے کہ تمام کارروائیاں موجودہ قوانین کے تحت کی جا رہی ہیں اور کسی خاص فرقے یا برادری کو نشانہ بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور قانون کے دائرے میں رہ کر اپنا کاروبار جاری رکھیں۔یادبتیے کہ 7جون کو عید الاضحی منائی جارہی ہے۔
ناندیڑ میں گاؤ ونش ہتیا قانون کی اس سختی سے عمل آوری اور اس کے اثرات پر سیاسی اور سماجی حلقوں میں بھی بحث جاری ہے۔ آنے والے دنوں میں اس معاملے پر مزید ردعمل اور کارروائیوں کا امکان ہے۔