ناندیڑ:30جون (ورق تازہ نیوز)حالیہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی کے امیدوار و مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرو سابقہ وزیراعلی اشوک راوچوہان کی شکست کے بعد ناندیڑمیں کانگریس کے عہدیداران و ورکرس میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔
جبکہ پارٹی میں سینئر و وفادار ورکرس کونظرانداز کئے جانے کی وجہہ سے بالخصوص پارٹی کے مسلم لیڈران اور ورکرس میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے ۔گزشتہ روز ناندیڑ کانگریس پارٹی کے سینئر قائدین و ورکرس نے پارٹی کو الوداع کہتے ہوئے بہوجن ونچت اگھاڑی میں شمولیت اختیار کرلی ۔
کانگریس کے عہدیدار و سماجی خدمت گار جناب عبدالوحید ( کنٹریکٹر) نے 27 جون کو پونہ میں بہوجن ونچت اگھاڑی کے روح رواں جناب پرکاش امبیڈکر سے ملاقات کی اور ونچت اگھاڑی میں شمولیت اختیار کرلی ۔
اس موقع پر جناب عبدالوحید نے امبیڈکر صاحب سے کہاکہ وہ ناندیڑحلقہ اسمبلی (شمال ) سے ونچت اگھاڑی کے ٹکٹ پر اسمبلی انتخابات لڑنے کے خواہشمند ہیں انھوں نے پارٹی ٹکٹ کےلئے درخواست بھی دی ہے ۔اس موقع پر پرکاش امبیڈکر نے انھیں تیقن دیا کہ انکے ٹکٹ کے بارے میں غوروخوص کیاجائے گا۔
جناب عبدالوحید کے ہمراہ کانگریس پارٹی کے لیڈر جناب اطہر الایمان عرف علی پاشاہ ‘جناب سعیدخان سابقہ کارپوریٹر اشفاق حسین ‘ شیخ نظیر شیخ حسین ‘شکیل احمد صدیقی‘ایس کے ظہیرکے علاوہ ڈاکٹرسنگھ رتن کرہے (ضلع صدر ونچت اگھاڑی ناندیڑ) بھی موجود تھے ۔ان سبھی نے بھی ونچت اگھاڑی میںشمولیت اختیار کرلی ۔ اس طرح ناندیڑ میں کانگریس پارٹی کے وفادار اور پرانے ورکرس پارٹی کاساتھ چھوڑ رہے ہیں۔ جو یقینا آئندہ انتخابات میں کانگریس کیلئے نقصاندہ ثابت ہوگا ۔