اسلام پورہ، گلشن کالونی، گلزار باغ، حیدر باغ سمیت متعدد علاقوں میں گرمی کے عالم میں بجلی غائب
ناندیڑ:10مئی( ورق تازہ نیوز) ناندیڑ شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی بار بار مسدودی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ شہر کے دیگلور ناکہ سے متصل بستیاں جیسے اسلام پورہ، گلشن کالونی، گلزار باغ، حیدر باغ نمبر 1 و 2 سمیت دیگر اہم رہائشی علاقوں میں روزانہ کئی مرتبہ بجلی بند ہو رہی ہے، جس کے باعث شہری سخت مشکلات کا شکار ہیں۔
ان علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے کے ساتھ ہی بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی نے عوامی زندگی مفلوج بنا دی ہے۔ دن بھر درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر رہا ہے اور ایسے میں پنکھے و کولر بند ہونے سے بزرگوں، بچوں اور مریضوں کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ محکمہ بجلی کو کئی بار شکایات درج کروائی گئی ہیں، لیکن تاحال کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیں کی گئی۔
عوام کا کہنا ہے کہ اگر جلد از جلد اس مسئلے کو حل نہیں کیا گیا تو وہ احتجاجی راستہ اپنانے پر مجبور ہوں گے۔محکمہ بجلی کے بعض ذرائع کے مطابق پرانی لائنوں اور لوڈ کی زیادتی کے باعث یہ مسئلہ پیدا ہو رہا ہے، لیکن شہریوں کا مطالبہ ہے کہ اس کا مستقل حل فوری طور پر تلاش کیا جائے۔