ناندیڑ:9جولائی۔(ورق تازہ نیوز) گزشتہ روز قدیم شہر کے بونڈھار علاقہ میں پیار مارکیٹ کے پاس نوجوان سید جلیل کابہیمانہ قتل کیاگیاتھا ۔پولس نے اس معاملے میں جلیل کے ساتھی کوگرفتار کرلیا ہے آج اسے عدالت میں پیش کرنے پر جج نے 13جولائی تک پولس کسٹڈی ریمانڈ میں رکھنے کاحکم دیا ہے۔
پولس ذرائع کے بموجب 7جولائی کی درمیانی شب بونڈھار علاقہ میں واقع پیاز مارکیٹ میں دو آٹورکشہ ڈرائیور دوست شراب پیتے بیٹھے تھے اس دوران دونوں میں کسی بات پر جھگڑا ہوگیااور سید جلیل سید حضور عمر 26سال ساکن محبوبیہ کالونی ناندیڑ کو اسکے دوست سلمان خان چھوٹے خان عمر 24 سال نے اپنے ہاتھ میں موجود چاقو سے پیٹ پر وار کرکے قتل کردیااسکے بعد وہاں سے فرار ہوگیاتھا۔
دوسرے دن صبح سید جلیل کو لوگوں نے وہاں دیکھا مگر لوگ یہ سمجھ رہے تھے کہ کوئی شخص سو رہا ہے لیکن کچھ دیر بعد قریب جاکر دیکھاتو اسکی موت ہوچکی تھی ۔فی الفور دیہی پولس اسٹیشن کو مطلع کیا گیا ۔ پی آئی کچھوے اور معاون پولس ملازمین جائے واردات پر پہنچ گئے ۔اس دوران تفتیش میں انکشاف ہوا کہ سلمان خان چھوٹے خان ساکن مال ٹیکڑی ناندیڑ نے شراب کے نشے میں سید جلیل کو قتل کیا ہے ۔پولس نے اسے گرفتار کرلیا اس نے تفتیش میں اپنا جرم قبول کرلیا ۔سید جلیل کی شریک حیات سیماسید کی فریاد پر مقدمہ درج کیاگیا ہے ۔