ناندیڑ بازار سمیتی پر مہاوکاس آگھاڑی کا قبضہ

ناندیڑ:30اپریل ( ورقِ تازہ نیوز)ناندیڑ ضلع کے حمایت نگر، بھوکر، کنٹور، نائیگاﺅں، ناندیڑ زراعت مارکٹ کمیٹی کے الیکشن بروز جمعہ کو منعقد ہوئے تھے۔ رائے دہی کے بعد گزشتہ کل حمایت نگر، بھوکر، کنٹور مارکٹ کمیٹی کے نتائج کا اعلان کردیا گیا تھا۔ نائیگاﺅں میں وسنت راﺅ چوہان کی قیادت میں کانگریس کے نامزد 18اُمیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے تھے۔ کنٹور میں بھی کانگریس اور اُن کے ساتھ کے امیدوار اکثریت کامیاب ہوئے۔ حمایت نگر میں مقامی رکن اسمبلی مادھو راﺅ جوڑگاﺅنکر کی قیادت میں کانگریس کے تمام 18اُمیدوار یکطرفہ بھاری اکثریت سے منتخب ہوئے تھے۔

بھوکر زراعت مارکٹ کمیٹی الیکشن میں 18نشستوں میں سے 15نشستوں پر مہاوکاس آگھاڑی نے شاندار جیت حاصل کی ہے۔ یہاں 13نشستوں پر کانگریس اور 2نشستوں پر این سی پی کامیاب رہی۔ 3نشستوں پر بی جے پی کے نامزد اُمیدوار منتخب ہوئے تھے۔ بھوکر میں تمام نشستوں پر پڑوسی ریاست تلنگانہ کی بی آر ایس پارٹی نے بھی اپنے امیدوار کھڑے کیے تھے مگر اُن کا ایک بھی امیدوار کامیاب نہیں ہوا اور بری طرح شکست حاصل ہوئی۔ ناندیڑ مارکٹ کمیٹی کی 18 نشستوں کے لیے آج رائے شماری عمل میں آئی۔

دوپہر بارہ بجے تک تمام نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ ناندیڑ مارکٹ کمیٹی میں مہاوکاس آگھاڑی نے شاندار جیت حاصل کی۔ 17اُمیدوار مہاوکاس آگھاڑی کے منتخب ہوئے۔ جن میں کانگریس کے 12، این سی پی کے 3، شیوسینا اُدھو ٹھاکرے گروپ کے 2 اُمیدوار منتخب ہوئے ہیں۔ جبکہ ایک آزاد امیدوار نے بھی کامیابی حاصل کی اور اُس نے مہاوکاس آگھاڑی کی تائید کا اعلان کردیا۔ اس طرح سے یہاں پر بی جے پی اور اُس کی ساتھی پارٹیوں کا بری طرح صفایا ہوا۔

ناندیڑ ضلع میں کرشی اُتپن بازار سمیتی یعنی زراعت مارکٹ کمیٹی کے الیکشن سابق چیف منسٹر اشوک چوہان کی قیادت میں مہاوکاس آگھاڑی نے حصہ لیا تھا۔ کانگریس نے اس بار بھی اپنی جیت کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اکثریت حاصل کی ہے۔ تمام ہی نومنتخب امیدواروں نے سابق چیف منسٹر اشوک چوہان سے ملاقات کرکے اُن کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سابق وزیر ڈی پی ساونت، سابق ایم پی بھاسکر راﺅ پاٹل، سابق ایم ایل سی امرناتھ راجورکر، کانگریس کے ضلع صدر گووند ناگیلیکر موجود تھے۔

مارکٹ کمیٹی میں جو اُمیدوار منتخب ہوئے ہیں اُن میں سابق ایم ایل اے اوم پرکاش پوکرنا، سنجے لہانکر، شیام پاٹل ٹیکاڑے، بھگوان راﺅ آلیگاﺅنکر، بھجنگ پاٹل، نل کنٹھ مدنے، گیانیشور راج گورے، گاندھی پوار، نلیش دیشمکھ، ناگوراﺅ آڈھاﺅ، ستیہ جیت بھوسلے، سداشیو دیشمکھ، گائتری کدم، کمل بائی واگھ، گنگادھر شندے، ناناپوہرے، شیواجی دراڑے شامل ہیں

جبکہ ببن بارسے پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے تھے۔ مارکٹ کمیٹی کے الیکشن میں پھر ایک بار واضح ہوا ہے کہ ناندیڑ میں سابق چیف منسٹر اشوک چوہان کی قیادت میں کانگریس پارٹی مضبوط ہے اور مہاوکاس آگھاڑی کے ساتھ ووٹرس کی ہمدردی قائم ہے۔