ناندیڑ:19/. (ورق تازہ نیوز)پولیس ڈپٹی انسپکٹر جنرل کی ایک ٹیم نے ہنگولی اور ناندیڑ اضلاع میں چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے 73 لاکھ روپے مالیت کا گٹکھا اور 1 کروڑ 3 لاکھ روپے مالیت کی دیگر قیمتی اشیاء ضبط کی ہیں۔
ناندیڑ علاقے میں غیر قانونی کاروباروں پر لگام کسنے کے مقصد سے، پولیس ڈپٹی انسپکٹر جنرل جناب شاہجی اُماپ نے اپنے ماتحت افسران و ملازمین کا اجلاس طلب کیا اور انہیں ہنگولی اور ناندیڑ شہروں میں جاری غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے روانہ کیا۔
اس کارروائی کے تحت اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر جناب تلےدواڑ اور 5 اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے آج صبح ہنگولی ضلع کے بالا پور میں کارروائی کرتے ہوئے تین چار پہیہ گاڑیوں سے 14 لاکھ 67 ہزار روپے مالیت کا گٹکھا ضبط کیا، جبکہ اس معاملے میں 10 لاکھ روپے مالیت کی تین چار پہیہ گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔
اس سلسلے میں ملزمان کرن سداشیو آوچار (عمر 20 سال)، ساکن بھوسی، تعلقہ کلامنوری، ضلع ہنگولی اور پربھاکر دگمبر آوچار (عمر 32 سال)، ساکن بھوسی، تعلقہ کلمنوری، ضلع ہنگولی کے خلاف پولیس اسٹیشن اکھاڑا بالا پور میں جرم نمبر 26/2026 کے تحت دفعات 123، 274، 275، 323، 3(5) بی این ایس، 26(2)، 27(2) نیز فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ کی دفعات 30(2) اور 59 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مزید تفتیش پی او این آئی جناب وشنوکانت گُٹے، پولیس اسٹیشن اکھاڑا بالا پور کر رہے ہیں۔
مذکورہ کارروائی کے بعد ٹیم نے ناندیڑ شہر کے اٹوارہ علاقے میں گٹکھا کے ایک گودام پر بھی چھاپہ مارا، جہاں سے 58 لاکھ 26 ہزار روپے مالیت کا گٹکھا اور 20 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کا ایک ٹرک ضبط کیا گیا۔ اس طرح کل 78 لاکھ 76 ہزار روپے کا مال ضبط ہوا۔ اس معاملے میں دیگلور ناکہ، ناندیڑ کے ساکن 26 سالہ شیخ جبران شیخ مُکھڑ اور دھنیگاؤں تعلقہ کے تروپتی نگر، ناندیڑ کے ساکن 26 سالہ گنیش رام راو کنہالے کو حراست میں لیا گیا ہے اور اٹوارہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
دونوں مقامات پر کی گئی چھاپہ مار کارروائیوں میں مجموعی طور پر 72 لاکھ 93 ہزار روپے مالیت کا گٹکھا اور 1 کروڑ 03 لاکھ روپے مالیت کی تین چار پہیہ گاڑیاں اور ایک ٹرک ضبط کیا گیا ہے۔

اس مہم میں سب انسپکٹر آف پولیس جناب دشرتھ تلدوار کے ہمراہ گوہیکو پردیگ خانسولے، پوہیکا سنجیو جکالواڑ، پوکو گنیش دھومل اور پوکو کاماجی گاولی نے حصہ لیا۔ اس کامیاب کارروائی پر پولیس ڈپٹی انسپکٹر جنرل جناب شاہجی اُماپ نے ٹیم کے افسران و ملازمین کے لیے 15,000 روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کی بھی جانچ کی جا رہی ہے کہ آیا ملزمان کو اس غیر قانونی دھندے کو جاری رکھنے کے لیے کسی اور کی مدد حاصل تھی یا نہیں۔
ناندیڑ رینج کے پولیس ڈپٹی انسپکٹر جنرل جناب شاہجی اُماپ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں جاری غیر قانونی کاروباروں کے بارے میں قریبی پولیس اسٹیشن یا پولیس ڈپٹی انسپکٹر جنرل (پی او ایل آئی آر) کی ویب سائٹ nandedrange.mahapolice.gov.in یا ہیلپ لائن ’خبر‘ 91 50 100 100 پر اطلاع دے کر ایسے غیر قانونی کاروباروں کے خاتمے میں تعاون کریں۔