حضرت مولانا مفتی محمد حذیفہ صاحب قاسمی و ایڈوکیٹ تہور خان پٹھان کی شرکت
ناندیڑ:15اگست( ورق تازہ نیوز) جمعیت علماءقدیم شہر ناندیڑ کے زیر اہتمام 17اگست بروز ہفتہ بعد نمازِ مغرب فیمس فنکشن ہال مال ٹیکڑی روڈ ناندیڑ میں ایک عظیم الشان اجلاس عام بعنوان ” اگر اب بھی نہ جاگے تو!!!“ منعقد کیا جارہا ہے۔ جس میں ملک کی معروف و مقبول شخصیت حضرت مولانا مفتی محمد حذیفہ صاحب قاسمی دامت برکاتہم ( ناظم تنظیم جمعیت علماءمہاراشٹر و استاذ حدیث و تفسیر مدرسہ عربیہ سراج العلوم، بھیونڈی) و جمعیت علماءمہاراشٹر کے مشیرقانونی اور سینکڑوں بے قصور نوجوانوں کے مقدمات کی ملک کی مختلف عدالتوں (High Courts)اور سپریم کورٹ میں پیروی کررہے معروف وکیل عالیجناب محترم تہور خان پٹھان صاحب کے علاوہ متعدد علماءکرام موجودہ حالات کے تناظر میں بصیرت افروز خطابات فرمائیں گے۔ یہ اجلاس حضرت قاری محمد اسعد صاحب صمدی( صدر جمعیت علماءضلع ناندیڑ) کی سرپرستی و حضرت مولانا سید آصف صاحب ندوی کی نگرانی میں منعقد ہوگا۔ جیسا کہ آپ بخوبی جانتے ہیں کہ اس وقت ہمارے ملک کے موجودہ حالات مسلمانان بھارت کے لئے انتہائی تشویشناک ہیں۔ برسراقتدار جماعت اور اس کے کارندوں کی جانب سے ہر آئے دن اسلام اور مسلمانوں کے خلاف کوئی نہ کوئی اہم مسئلہ پیدا کرنا اب یہاں معمول کی بات بن چکی ہے۔ جس کی وجہ سے مسلمانوں کا تشویش میں مبتلا ہونا اور انہیں اپنے دین و مذہب کی حفاظت بلکہ اپنے وجود و بقاءکی ضمانت بھی مشکل معلوم ہونا بالکل فطری امر ہے۔ ایسے ناگفتہ بہ حالات میں اس بات کی سخت ضرورت محسوس کی جارہی تھی کہ ڈرے اور سہمے ہوئے مسلمانوں کے حوصلوں کو جلابخشنے اور انہیں خود اعتمادی اور مکمل قوت ارادی کے ساتھ نہ صرف جینے بلکہ آئندہ کے لئے مثبت و مستحکم لائحہ عمل تیار کرنے کے لئے ان کی صحیح رہنمائی کی ضرورت ہے۔ چنانچہ اسی ضمن میں یہ اجلاس مقرر کیا گیا ہے۔ تمام برادران اسلام سے ادباً درخواست کی جاتی ہے کہ مع دوست و احباب وقت مقررہ پر شرکت فرماکر بصیرت افروز خطابات سے مستفید ہوں۔