ناندیڑضلع میں تین مقامات پر مٹکا اور جوا اڈوں پر چھاپے

ناندیڑ، 22 مئی:(ورق تازہ نیوز) ضلع ناندیڑ میں غیر قانونی کاروبار کے خلاف جاری آپریشن کریک ڈاؤن” کے تحت مقامی جرم شاخ ناندیڑ نے تین مختلف مقامات پر مٹکا اور جوا اڈوں پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے 15 ملزمین کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔ کارروائی کے دوران نقد رقم، مٹکا جوا کا سامان اور دو اسکوٹیاں ملا کر ایک لاکھ 30 ہزار 780 روپے مالیت کا مال ضبط کیا گیا۔

یہ کارروائی پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار، ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ ارچنا پاٹل اور ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ سورج گرو کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔ مقامی جرم شاخ کے پولیس انسپکٹر اتُل بھوسلے کی نگرانی میں مختلف ٹیموں نے یہ کارروائیاں کیں۔پولیس کے مطابق ضلع میں غیر قانونی مٹکا جوا، منشیات، غیر قانونی ہتھیار اور دیگر جرائم کے خاتمہ کے لیے خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔ اسی سلسلہ میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔

پہلی کارروائی 21 مئی کو شیواجی نگر پولیس حدود کے نیو مونڈھا علاقہ میں سنتوش وج بھنڈار کے سامنے کی گئی، جہاں ایک شخص مٹکا کھیلتے اور کھلواتے ہوئے پایا گیا۔ پولیس نے ایک ملزم کو حراست میں لے کر اس کے قبضہ سے جوا کا سامان اور نقد رقم سمیت 1410 روپے مالیت کا مال ضبط کیا۔

اس معاملہ میں عبدل عباس عبدالغفور اور شیخ ضمیر شیخ بابو سمیت تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔اسی دن نئی آبادی سبزی مارکیٹ چوک، شیواجی نگر میں بھی چھاپہ مار کارروائی کی گئی، جہاں تین افراد کو مٹکا جوا کھیلتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 1770 روپے مالیت کا سامان ضبط کیا اور چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔تیسری اور بڑی کارروائی 22 مئی کوحمایت نگر پولیس حدود میں کی گئی، جہاں کنال راٹھوڑ کے کھیت میں قائم اکھاڑے پر کچھ افراد "ترّٹ” نامی جوا کھیلتے ہوئے پائے گئے۔ پولیس نے موقع پر چھاپہ مار کر آٹھ افراد کو گرفتار کیا اور ان کے قبضہ سے نقد رقم، جوا کا سامان اور دو اسکوٹیاں ملا کر ایک لاکھ 27 ہزار 600 روپے مالیت کا مال ضبط کیا۔پولیس نے تمام ملزمین کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading