ناندیڑ۔ ۲۵؍ جولائی (نامہ نگار):ناندیڑ شہر کے دیگلور ناکہ علاقہ کے سابق کارپوریٹر اور فروٹ کے تاجر عبدالحبیب باغبان کو پچھلے دنوں ہماچل پردیش کی پولس اپنے ساتھ لے گئی تھی ۔ اب ہماچل پردیش پولس کہہ رہی ہے کہ عبدالحبیب باغبان ان کے پاس موجود نہیں ہے۔ عبدالحبیب کے لاپتہ ہونے سے ان کے افراد خاندان کافی فکر مند ہو چکے ہیں۔ اس سلسلہ میں آج کانگریس پارٹی کے ایک وفد نے ایس پی آفس پہنچ کر ایس پی شری کرشن کوکاٹے سے ملاقات کر کے عبدالحبیب کا سراغ لگانے کا مطالبہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق عبدالحبیب پچھلے کچھ عرصہ سے سیب کا ہول سیل کاروبار کر رہے تھے۔ کشمیر اور ہماچل پردیش سے وہ سیب ہول سیل میں خریدی کر رہے تھے۔ بتایا جارہا ہے کہ ہماچل پردیش کے ایک بیوپاری کا کہنا ہے کہ عبدالحبیب کی طرف اس کے تقریباً دیڑھ کروڑ روپئے کی رقم باقی ہے۔ عبدالحبیب نے رقم کے سلسلہ میں ہماچل پردیش کے بیوپاری کو چیک دیا تھا جو بائونس ہوگیا۔ رقم ادائیگی میں ہورہی تاخیر کو دیکھتے ہوئے اس کاروباری نے ہماچل پردیش کے شملہ کے قریب ایک پولس اسٹیشن میں مقدمہ دھوکہ دہی کا درج کرایا تھا۔
پچھلے دنوں ۱۹؍ جولائی کو ہماچل پردیش کی پولس ناندیڑ آئی اور انہوں نے مال ٹیکڑی علاقہ سے عبدالحبیب کو ان کے دکان سے اپنے ساتھ ائیر پورٹ پولس اسٹیشن لے کر گئے اور وہاں کی پولس کو وارنٹ کا حوالہ دے کر عبدالحبیب کو اپنے ساتھ لے گئے۔ عبدالحبیب کو شملہ لے جانے کی اطلاع کے بعد ان کے افراد خاندان نے کچھ وکلاء سے رابطہ کیا۔ ایک ٹیم شملہ پہنچی ہے مگر وہاں پر پتہ چلا کے عبدالحبیب باغبان کو پولس نے ساتھ نہیں لائی اور نہ ہی عدالت میں پیش کیا۔ جس کے بعد ان کے افراد خاندان فکر مند ہو گئے۔
پولس نے دعویٰ کیا کے عبدالحبیب سفر کے دوران آگرہ سے قریب بھرت پور سے پولس کو چکما دے کر فرار ہو گئے ہیں اور بھرت پولس اسٹیشن میں ان کی فراری کا ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جبکہ افراد خاندان کو یہ پوری پولس کی کہانی نظر آرہی ہے جس سے وہ کافی پریشان ہو چکے ہیں۔ ناندیڑ سے لے جانے کے بعد ملزم کو عدالت میں پیش کرنا لازمی ہوتا ہے مگر ابھی تک عبدالحبیب کا کوئی پتہ نہیں چلا جس کے سبب آج ناندیڑ جنوب حلقہ کے ایم ایل اے موہن ہمبرڈے کی قیادت میں ایک وفد نے ضلع ایس پی شری کرشن کوکاٹے سے ملاقات کی اور انہیں ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں تمام تفصیلات بتائی گئی ہے
اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ عبدالحبیب کا سراغ لگایا جائے اور انہیں با حفاظت ناندیڑ لانے کے لیے اقدامات کئے جائیں۔ اس وفد میں سابق میئر عبدالستار، سابق ڈپٹی میئر مسعود احمد خان، سابق کارپوریٹر سید شیر علی، بابو بھائی کھوکھے والے، عبدالعزیز قریشی، پنکو پوکرنا ، واجد جاگیردار و دیگر موجود تھے۔