ناندیڑ:4 اکتوبر ۔(ورق تازہ نیوز)ناندیڑجنوب حلقہ انتخاب سے بی جے پی ناندیڑ مہانگر کے صدر دلیپ کندکرتے کو بی جے پی کاٹکٹ نہ ملنے پر بی جے پی عہدیداران اور ورکرس میں زبردست ناراضگی پائی جاتی ہے ۔اس کے ردعمل کے طور پر آج 4اکتوبر کودلیپ کندکرتے نے اسی حلقہ سے آزاد امیدوار کے طور پر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔
دلیپ کندکرتے نے آج صبح چوپالہ چوک سے ایک عظیم ریالی نکالی جس میں اُن کے ہمراہ ناندیڑ کے بی جے پی کے ایم پی پرتاپ پاٹل چکھلی کر کے فرزند پروین پاٹل چکھلی کر‘گاڑی پورہ کے بی جے پی کارپوریٹردیپک سنہہ راوت اور کئی دیگر مقامی ورکرس شامل تھے ۔اس ریالی میں مسلم ورکرس اور کندکرتے کے مداحین کی کافی تعداد تھی ۔ کندکرتے نے 2014ءکے اسمبلی چناو میںناندیڑجنوب سے پارٹی ٹکٹ پرچناو لڑاتھااور وہ دوسرے نمبرپررہے تھے ا سلئے انھیں توقع تھی کہ بی جے پی ناندیڑ جنوب یا پھر ناندیڑ شمال سے اتحاد میں سیٹ چھڑاے گی لیکن دونوں حلقے شیوسینا کے کھاتے میں جانے سے کندکرتے کا نمبر نہیں لگا ۔کندکرتے بی جے پی سے قبل کانگریس پارٹی میں کئی عہدوںپرفائز رہے ہیں۔ وہ ایک کم سخن ‘محنتی اورعوام دوست قائد کی حیثیت سے عوام میں بے حد مقبول ہیں۔علاوہ ازیں ان کی چھبی ایک سیکولر سیاست داں کی ہے۔