مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری سچن ساونت کا وزیر اعظم نریندر مودی کو کھلا خط ..

معزز وزیر اعظم سے گزارش ہے کہ …

براہ کرم دوردرشن پر اپنی تشہیر کے معیار کو بہتر بنائیں …

محترم مودی جی!

کورونا جیسی عالمی وبا سے آج پوری دنیا جوجھ رہی ہے۔ دنیا کے تمام دوسرے ممالک کی طرح ہندوستان میں بھی بہت سارے لوگ اس کے شکار ہوچکے ہیں۔ لاکھوں افراد بے روزگار ہوچکے ہیں۔ انڈسٹریز تباہی کے دہانے پر ہےں۔ خوفناک بحران نے عوام میں بے بسی کا احساس پیدا کردیا ہے۔یہ موقع یہ ثابت کرنے کا ہے کہ اس تاریک مستقبل کے سائے میں آپ جیسا بیڑا پار لگانے والا ’مسیحا‘ اس ملک کی رہنمائی کررہا ہے۔ لوگوں کو یہ بتانے کایہ موقع آپ کو نہیں کھونا چاہیے کہ کورونا کے اس بحران میں لوگ آپ کی وجہ سے ہی زندہ ہیں۔ شاید اسی وجہ سے اس جان لیوا تباہی کے دورمیں آپ نے دوردرشن کے ذریعہ 2024 کے انتخابی مہم کی شروعات کردی ہے۔اس کے لیے آپ کا شکریہ کہ آپ نے ملک کی عوام کو اپنے مسیحائی قیادت کا احسان مند ہونے کا موقع فراہم کیا۔

کرونا جیسے عالمی وبا کے دور میں آپ کے انتخابی مہم شروع کیے جانے پر بہت سے لوگ تنقید بھی کرسکتے ہیں، لیکن آپ انہیں نظرانداز کریں۔ڈگمگائیے مت۔ اسٹنٹ، ایونٹ اور اشتہاربازی ہی توآپ کا بنیادی مقصد اوراولین ہدف ہے۔آپ نے یہ دکھا دیا ہے کہ حالات کتنے ہی برعکس کیوں نہ ہوں ، بنیادی اصول ومقصد سے کبھی پیچھے نہیںہٹاجاسکتا۔اقتدار کے لیے اسٹنٹ، ایونٹ اور اشتہاربازی کتنا اہم ہوتا ہے؟ اس کا اندازہ دوسروں کو کہاں ہوسکتا ہے۔

دوسری اہم بات یہ کہ اس دنیا میں کوئی بھی کامل نہیں ہے ۔اس میں کوئی قباحت نہیں ہے کہ اگر آپ میں کوئی کمی ہو اور وہ آپ اپنی قابلیت سے دور کریں۔اگر آپ کی حکومت میںمہارت ، دور اندیشی اور قابلیت کا فقدان ہے اور یہ فقدان اگر اسٹنٹ، ایونٹ واشتہاربازی کی قابلیت سے دورکیا جارہا ہے تو اس کا استقبال کیا جانا چاہیے۔

خواتین کے جن دھن اکاونٹ میں 500روپیے جمع کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے سے خواتین کا کس قدر فائدہ ہوا ؟ یہ بتانے والی غریب مستفید خواتین کے احسان مندی پر مبنی بیانات فی الوقت دوردرشن پر نشر کیے جارہے ہیں ۔ جس کے ویڈیو اور I am thankful to MP کے عنوان کے تحت دکھائے جارے ہیں۔ آپ کو کریڈیٹ دینے والے (جو آپ کا اصل مقصد اور ہدف بھی ہے) احسان مندی کے الفاظ سے شروع ہونے والی باتیں دوردرشن کے ذریعے ٹوئیٹ کیے جارہے ہیں۔ ملک بھر کے آپ کے جذباتی بھکت ان ویڈیوزاور ان کے مشمولات کو سوشل میڈیا پر وائرل کرکے، آپ کے مثالی کام کو ملک کی عوام تک پہونچانے کا کام نہایت ایمانداری کے ساتھ کررہے ہیں۔

تاہم ،کورونا سے متعلق اس اشتہاربازی میں کچھ سنگین خامیاں نظر آئی ہیں۔ ان خامیوں کی وجہ سے اشتہارکے اہم مقصد کو ہی نقصان پہونچ رہا ہے۔ دوردرشن ایک سرکاری چینل ہے۔ اس کے اخراجات سرکاری تجوری سے پورے کیے جاتے ہیں۔ اس لیے ایک سرکاری ٹیکس دہندہ ہونے کی بناءپر میں توقع کرتا ہوں کہ آپ کی تشہیر کے لیے عوام کے پیسے سے ہونے والی یہ اشتہاربازی خامیوں سے پاک ہو۔لیکن دوردرشن کے نااہل عملے کو نہ ہی آپ کے اہم اور اولین مقصد کا کچھ ادراک ہے اور نہ ہی عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی کچھ پرواہ۔ اس لیے ان اشتہارات میں مندرجہ ذیل کچھ باتوں کی جانب نشاندہی کررہاہوں ۔ برائے مہربانی ان گزارشات پر سنجیدگی سے غورکریں۔

اشتہار کے لیے دوردرشن نے جس خاتون کا انتخاب کیا ہے اور جو یہ بتارہی ہے کہ ’ مرکزی حکومت کے ذریعے دیے گئے 500روپیے سے اسے بہت سہارا ملا ہے‘ اس کی مجموعی صورت حال کو دیکھتے ہوئے یہ شک پیدا ہوتا ہے کہ اسے 500روپیے سے کچھ زیادہ فرق پڑا ہوگا۔ کیونکہ ان میں سے ایک خاتون کے گھر میں آگ بجھانے والا سیلنڈر fire extinguisherنظر آتا ہے۔ اسے نکال کر دوبارہ ویڈیو کی شوٹنگ کرائیے۔ بلامطلب یہ لوگوں میں موضوع بحث نہیں بننا چاہیے۔

اشتہار میں ایک خاتون کے گلے میں لمبا اور وزن دار سونے کا ہار نظر آرہا ہے۔ویڈیو میں نیچے کی جانب اسکرول میں ایک ایسا ڈسکلیمر(وضاحت) ہونی چاہیے کہ ’ سونے کا یہ ہار نقلی ہے‘۔ کمال ہے، اتنی عام بات دوردرشن والوں کی سمجھ میں نہیں آئی؟ حیرت ہے۔

اس خاتون کے باورچی خانے میں گووردھن گھی ، برانڈڈ اچار ،ساس کی بوتل نظر آرہی ہے جو یہ کہتی ہے کہ مرکزی حکومت کی مدد کی وجہ سے ہی میں گیس سلینڈر حاصل کرسکی۔ اب بھلا عوام کس طرح یہ یقین کریں کہ جو عورت گھی خرید سکتی ہے، اچار وساس استعمال کرسکتی ہے وہ سبسڈی والے سلنڈر نہیں خرید سکتی؟ اس پر عوام کیسے اعتماد کرے گی؟ اس لیے اس ویڈیو میں اپنا ایک جذباتی اپیل بھی جوڑدیں کہ اگر ہم نے اس خوشحال خاندان کی خاتون کو 500روپیے نہیں دیا ہوتا تویہ گیس سلینڈر نہیں لے سکتی تھی۔ کیونکہ عوام کو اس بات کا یقین دلانا آپ کے لفظوں کی جادوگری سے ہی ممکن ہے۔

ایک ویڈیو میں جب عورت بات کررہی ہوتی ہے تو اچانک عقب میں کھڑی لڑکی غائب ہوجاتی ہے۔ اس سے بہت سے لوگوں کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ یہ فطری بات چیت نہیں بلکہ ایک ایڈیٹیڈ اور اسکریپٹیڈ بیان ہے۔ اس سے بہت سے لوگ یہ افواہ بھی پھیلا سکتے ہیں کہ مودی جی کی وجہ سے کالا جادو ہوگیا ہے یا یہ کسی ہاررفلم کی کوئی سین ہے ۔ایسے بے عقل لوگوں کو افواہ پھیلانے کاموقع ہم کیوں دیں؟ اس لیے اس ویڈیو میں بھی کچھ درستگی کریں۔

ایک اور اشتہار میں تو دوردرشن کے عملے نے تو حد ہی کردی ہے۔لوگو کے لیے آپ اپنی زندگی کو کھپارہے ہیں یہ بتانے کے لیے بس اسٹینڈ سے لے کر ایئرپورٹ تک اور عوامی بیت الخلاءسے لے کر اے ٹی ایم تک ہر جگہ آپ کی دلکش شبیہ کو چھلکانے کی کوشش کی ہے ۔ لیکن ایک جگہ پر مستفید ہونے والے کے عقب میں آپ کے پوسٹر کو قصداً دھندلا کردیا ہے۔آپ کے ہی اشتہار میں آپ کے ہی پوسٹرکو دھندلا کرنے کی حماقت تو گویا حد ہی ہوگئی۔ برائے مہربانی دوردرشن کو یہ ہدایت دیں کہ وہ اوریجنل ویڈیو کا استعمال کریں اور عوام کو پوسٹر صاف اور واضح طور نظر آئے، اس کا خاص خیال کریں۔

مودی جی! ان غلطیوں اور خامیوں کی وجہ سے لوگوں کو یہ غلط پرچارکرنے کا موقع ملتا ہے کہ یہ اشتہارات جھوٹے ہیں۔ 2024کی انتخابی مہم کا اس طرح کا غیرموثر ہونا قطعی مناسب نہیں ہے۔ اس لیے آپ ان سنگین غلطیوں کی جانب توجہ دیں۔ دور درشن کے عملے کو تاکید کریں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ جس آرٹ ڈائریکٹر نے یہ فلم بنائی ہے ، اس کی جگہ پر وفیشنل لوگوں کی تقرری کریں۔ آپ سے یہ ہماری اپیل ہے۔ بھلے ہی مدد 500روپیے کی ہو،لیکن اس کی تشہیر نہایت موثر ہونی چاہیے چاہیے اس کے لیے 500کروڑ روپیے ہی کیوں نہ خرچ ہوجائیں۔ہمیں ایسا لگتا ہے کہ آپ نے بلامطلب یہ اہم ذمہ داری سرکاری ایجنسی کو دیدی۔ آپ کی وہ پرائیویٹ ایجنسی کہاں چلی گئی؟

دراصل آپ کا ایوینٹ اور اشتہار بازی ہمیشہ عالمی معیار کا رہا ہے اورآپ کے مخالفین بھی اس کابرسرِعام اعتراف کرتے ہیں۔ پروڈکٹ بھلے ہی گھٹیا کوالیٹی کی ہو لیکن اشتہاروایوینٹ نہایت معیاری ہو تو پروڈکٹ ہاتھوں ہاتھ لیا جاسکتا ہے جو آپ نے دنیا کو دکھابھی دیا ہے۔ اس کے لیے آپ واقعتا مبارکباد کے مستحق ہیں۔ لاک ڈاون کی وجہ سے آپ بھارت میں پھنس گئے ہیں، وگرنہ کورونا سے مقابلہ کرنے کی تیاری اور اس کی اشتہاربازی کے ہارڈورک کے لیے میں آپ کو ہارورڈ جاکر لوگوں کو تربیت دینے کا مشورہ دیتا۔

کوئی بات نہیں، آئندہ کے ایونٹ وپروگرامس کے لیے آپ کو بہت بہت مبارکباد۔ آپ کے لیے نئے نئے اشتہارات ، ایونٹ واسٹنٹ دیکھنے کے ہم منتظر ہیں۔

آپ کا

سچن ساونت

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading