مہاراشٹر میں مجلس العالمات کا قیام اک اہم قدم

  مجلس کے مجوزہ خاکوں کو اپنے خون جگر سے سینچیں اور ملت اسلامیہ  کی سربلندی میں اپنا بنیادی رول ادا کریں : رضوان الرحمن خان  

ممبئی : عالمات ،فاضلات اور فارغات مدارس اسلامیہ کی مزید ہمہ جہت ارتقاء، اسلامی معاشرہ کی تعمیر وترقی، نیز ملت اسلامیہ کی ہمہ جہت خدمات  کی غرض سے جماعت اسلامی ہند حلقہ مہاراشٹر نے تاریخ ساز اور انقلابی فیصلہ لیتے ہوئے مجلس العالمات کا قیام عمل میں لایا ۔ اللہ رب العزت کی مدد ونصرت سے بروز منگل 22،دسمبر 2020 کو بعد نماز ظھر 2 تا 4:30  مجلس العالمات، تحریک اسلامی مہاراشٹر کا آنلائن لانچنگ پروگرام منعقد ہوا،جس میں کثیر تعداد میں عالمات، فاضلات اور فارغات مدارس اسلامیہ نے شرکت فرمائی ۔ مسفرہ شفیق فلاحی نے قرآن مجید کی تلاوت وترجمہ سے پروگرام کا آغاز کیا.پھر استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے ساجدہ پروین  (سکریٹری حلقہ خواتین مہاراشٹر) نے عالمات وفاضلات کا مقام ومرتبہ بیان کرتے ہوئے مجلس کے تئیں ان کی اہمیت وافادیت اور کردار کو واضح فرمایا ۔ پھر اہم عنوان ‘مجلس العالمات کا تعارف ودستور کی تفہیم’ پر اظھار خیال کرتے ہوئے مبشرہ فردوس (کنوینر مجلس العالمات ،مہاراشٹر) نے مقاصد مجلس کی تفصیلا وضاحت فرمائی.

(١)اعلاء کلمۃ اللہ کے پیش نظر عالمات وفاضلات کو منظم کرنا (٢)مسلم خواتین وطالبات میں اسلامی طرز زندگی اختیار کرنے کی رغبت پیدا کرنا (٣)مسلم خواتین وطالبات کے اندر خیر امت اور داعی الی اللہ ہونے کا شعور پیدا کرنا (٤) اختلافی مسائل میں اعتدال کی راہ اختیار کرتے ہوئے، ملت کے اتحاد کو مضبوط و مستحکم کرنا (٥) معاشرتی، عائلی ودیگر باہمی مسائل کے حل کے لیے شریعت الہی سے رجوع کرنے کی تلقین کرنا اور مسلم پرسنل لاء کے سلسلے میں حقیقی بیداری پیدا کرنا (٦)عالمات کے تعاون سے ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و امان کا ماحول بنانا  پھر دستور مجلس کی تفہیم بھی کرائی گئی ، عنوان ‘ملک وسماج کابدلتا منظر نامہ اور مجلس العالمات کی ضروریات واہمیت’ پر مولانا محمد الیاس خان فلاحی صاحب (سکریٹری شعبہ اسلامی معاشرہ مہاراشٹر) کا خطاب ہوا ‘عالمات کا ہمہ جہت ارتقاء – موجودہ حالات کے پس منظر میں’ عنوان پر مولانا رضی الإسلام ندوی (مرکزی سکریٹری، شعبہ اسلامی معاشرہ) نے گفتگو فرماتے ہوئے کہا کہ عالمات کو حالات حاضرہ کے پیش نظر اپنی شخصیت کا ہمہ جہت ارتقاء کرنا ضروری ہے تاکہ سماج میں اپنا مفید رول ادا کرسکیں ۔ اسماء زہرہ (چیئر پرسن شعبہ خواتین، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ) نے موضوع ‘عائلی تعلیمات کو درپیش چیلنجز اور عالمات کا کردار’ پر روشنی ڈالتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ موجودہ فسطائی وفکری یلغار اور درپیش چیلنجز کا مقابلہ ہمیں علمی وعملی صورت میں کرنا ہوگا جس میں عالمات وفارغات کا اساسی کردار مطلوب ہے ۔

پروگرام کا اہم موضوع اتحاد ملت کی سبیل پر اظھار خیال کرتے ہوئے امۃ الرزاق (کنوینر مجلس العالمات ،کرناٹک) نے نہایت دردمندی کے ساتھ ملت اسلامیہ میں اتحاد واتفاق کی علمی وعملی صورتیں اور عالمات وفاضلات کا بنیادی رول پر گراں قدر گفتگو فرمائی ۔ ملت اسلامیہ کا فرض منصبی دعوت دین کے ضمن میں عنوان ‘بھارتی سماج میں دعوت دین اور عالمات کا کردار’ کے تحت دعوت دین کی اہمیت وافادیت کے ساتھ ہندوستانی سماج میں دستیاب دعوت دین کے مواقع اور موجودہ درپیش مسائل کو دعوتی تناظر میں ایڈریس کرنا وغیرہ پر جامع نکات پیش فرماتے ہوئے عالمات کے علمی وعملی رول کو بھی اپیل فرمایا ۔ سوال وجواب کے سیشن میں سامعات کو اطمینان بخش جوابات دئے گئے ۔ اختتامی خطاب رضوان الرحمن خان (امیر حلقہ وسرپرست مجلس العالمات) کا اٹھ کہ خورشید کا سامان سفر تازہ کریں کے عنوان پر ہوا ۔ انہوں نے مجلس العالمات کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار فرماتے ہوئے تاسیسی مراحل میں سرگرم تمام خادمین وخادمات کے لیے دعائیہ کلمات فرمائی ۔ نیز مجلس العالمات کے توسیع و استحکام سے متعلق مطالبات وتقاضوں کے لئے تمام ذمہ داران مجلس ودیگر عالمات وفاضلات سے اپیل کی کہ وہ مجلس کے مجوزہ خاکوں کو اپنے خون جگر سے سینچیں اور ملت اسلامیہ کی سربلندی میں اپنا بنیادی رول ادا کریں ۔ نظامت کے فرائض تحسین فاطمہ نے انجام دیئےاس موقع پر  مہاراشٹر کے تمام عالمات، فاضلات اور فارغات مدارس اسلامیہ سے اپیل کی گئی کہ وہ مجلس العالمات سے منسلک ہوکر خدمت دین اور مقاصد مجلس کے حصول میں معاون ومددگار بنیں ۔

 

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading