اورنگ آباد خصوصی این آئی اے عدالت 5 ؍ جنوری 2021 کو فیصلہ سنائے گی
ممبئی: 23؍ دسمبر ( پریس ریلیز ) ممنوعہ تنظیم داعش سے تعلق رکھنے کے الزام میں اورنگ آباد اور ممبرا کے گرفتار شدہ نو جوانوں کا مقدمہ اورنگ آباد کی خصوصی عدالت میں برق رفتاری سے جاری ہے آج یہاں این آئی اے عدالت کے خصوصی جج بھونسلے صاحب کے رو برو ممبرا اور رنگ آباد داعش معاملہ میں ملزمین پر عائد کردہ فرد جرم پرسرکاری وکیل کی جرح اور بحث مکمل ہوگئی ہے ،سماعت کے دوران فریقین کی جا نب سے کافی ہنگامہ خیز اور زور دار بحث ہوئی جس کی وجہ سے عدالت کسی خاطر خواہ نتیجے پر نہیں پہونچ سکی اس لئے عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جسے وہ 5؍ جنوری 2021 کوسنائے گی ۔اس بات کی اطلاع آج یہاں اس مقدمہ کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی نے دی ہے ۔
مزید تفصیلات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ممبرا، اور اورنگ آباد سے گرفتار کئے گئے9؍ مسلم نوجوان مظہر عبد الرشید ،محسن سراج الدین خان ،سلمان سراج الدین خان ،تقی سراج الدین خان ،سر فراز عبد الحق عثمانی،طلحہ حنیف پوترک ،فہد اشتیاق انصاری ،ضمان نواب قطو پاڑاور مشاہدکو اس کیس میں سازش کے تحت پھنسایا گیا ہے اور پورے ہی معاملےمیں بڑی دھاندلیاں،غیر قانونی چیزیں ،اور قانونی ضابطوں کی خلاف ور زی کی گئی ہے۔عدالت میں داخل کردہ فرد جرم میں کئی قسم کے الزامات عائد کئے گئے ہیں جس میں یواے پی اے جیسے سخت ترین قوانین سمیت چار دفعات لگائے گئے ہیں جن میں 18،20،38،اور 39 شامل ہیں اور تعزیرات ہند کے دفعہ 201 اور 120 بی اور ممبئی پولیس ایکٹ کا دفعہ 135 لگایا گیا ہے ،ان الگ الگ دفعات میں ملز مین کے لئے تین سال سے لے کر عمر قید تک کی سزا تجویز کی گئی ہے ۔
واضح رہےکہ اورنگ آباد اور ممبرا سے گرفتار کئے گئے نوجوانوں کا مقدمہ جمعیۃ علما مہاراشٹر کی لیگل ٹیم جوکہ ماہرین قانون داں پر مشتمل ہے اور رنگ آباد کی خصوصی عدالت میں پیروی کررہی ہے۔ آ ج سما عت کے دوران عدالت میںاستغاثہ کی جانب سے بھی بحث اور جرح مکمل ہو گئی ہے ۔ اورنگ آباد کی خصوصی این آئی عدالت نے طے کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ جنوری کے پہلے ہفتہ میں محفوظ کئے گئے فیصلہ کو سنائے گی،عدالتی کاروائی کو دیکھتے ہوئے ملز مین کو جلد انصاف ملنے کی امید پیدا ہورہی ہے، اورنگ آباد عدالت میں اس کیس کی پیروی جمعیۃ لیگل سیل کے سکریٹری سینر کریمنل لائر ایڈوکیٹ پٹھان تہور خان کر رہے ہیں ۔