مہاراشٹر میں جنوب مغربی مانسون کی واپسی، ودربھ، مراٹھواڑہ اور کونکن میں موسلادھار بارش کی پیشن گوئی

ممبئی: محکمہ موسمیات کے مطابق، مہاراشٹر میں جنوب مغربی مانسون کی واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے، جس کے باعث ودربھ، مراٹھواڑہ اور کونکن میں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

مغربی راجستھان اور کچھ کے علاقوں میں مانسون کی واپسی کے لیے حالات سازگار ہو چکے ہیں اور آئی ایم ڈی (محکمہ موسمیات) نے ریاست کے کئی اضلاع میں بھاری بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔

آئی ایم ڈی کے مطابق، 23 ستمبر سے مہاراشٹر کے ودربھ، مراٹھواڑہ اور کونکن ڈویژن کے کچھ اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ ستارہ، سانگلی اور احمد نگر میں اس ہفتہ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے۔

اسی طرح، پونے، سولاپور، عثمان آباد، بیڑ، لاتور، ہنگولی، ناندیڑ، پربھنی، امراوتی، وردھا، ناگپور اور چندرپور میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اسی طرح 23 سے 25 ستمبر تک پورے ودربھ میں بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے، جبکہ مدھیہ مہاراشٹر، مراٹھواڑہ اور کونکن کے کچھ اضلاع میں بھی 23 ستمبر کو بارش متوقع ہے۔ 24 ستمبر کو گوا اور وسطی مہاراشٹر کے کئی اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کونکن، گوا اور مراٹھواڑہ کے متعدد اضلاع میں گرج چمک، بجلی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ گھاٹ علاقوں میں بھاری بارش کی توقع کے پیش نظر یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ خاص طور پر 25 سے 27 ستمبر کے درمیان گھاٹ ڈویژن کے بعض مقامات پر بہت زیادہ بارش کا امکان ہے۔

کسانوں کو بھی اس صورتحال کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراٹھواڑہ اور ودربھ کے کسانوں کو مونگ، اُڑد اور سویا بین کی کٹائی جلد از جلد مکمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ بارش کے نقصان سے بچا جا سکے۔ انہیں اپنی فصلوں کو خشک اور محفوظ جگہوں پر رکھنے اور مویشیوں کی حفاظت کے لیے بھی ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading