ضرورت کے پیش نظر نوی ممبئی میں پروجیکٹ متاثرین کے ذریعہ کی گئی تعمیرات کو باقاعدہ کرنے کا حکومتی حکم جاری کیا گیا
رکن پارلمینٹ نریش مہسکے نے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، اجیت پوار اور نوی ممبئی کے عوامی نمائندوں کا شکریہ ادا کیا
تھانے (آفتاب شیخ)
نئی ممبئی، رائے گڑھ ضلع کے پنویل اور اوران تعلقہ میں پروجیکٹ متاثرین گزشتہ 40 سالوں سے حکومتی اور متعلقہ حکام سے اپنی غیر قانونی تعمیرات کو ریگولرائز کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایم پی نریش مہسکے نے اس مسئلے کو حل کرنے کا وعدہ کیا اور حکومتی سطح پر فالو اپ شروع کیا۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بھی پروجیکٹ متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے کوششیں کیں۔ آج محکمہ شہری ترقیات نے ان تعمیرات کو ریگولرائز کرنے کے لیے ایک جی آر (حکومتی حکم) جاری کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور نئی ممبئی کے رکن پارلیمنٹ نریش مہسکے نے اس کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔
پروجیکٹ متاثرین کو دو سال قبل جاری کیے گئے حکومتی حکم کے باوجود، غیر قانونی تعمیرات کو ریگولرائز کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر میٹنگ کا حکم دیا۔ 11 ستمبر 2024 کو ایم پی نریش مہسکے کی رہنمائی میں شہری ترقیات کے محکمہ کے پرنسپل سکریٹری اسیم گپتا کی صدارت میں سڈکو کے عہدیداروں اور مقامی افراد کے درمیان ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں 25 فروری 2022 اور 7 دسمبر 2022 کو ریاستی حکومت کے احکامات میں موجود خامیوں کو دور کرنے اور پروجیکٹ متاثرین کی ضروریات کے مطابق نیا جی آر جاری کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حکومت مہاراشٹر کے محکمہ شہری ترقی نے حکومتی فیصلہ نمبر CID-3317/Pro.No.94/Navi-10 کے مطابق کی گئی تعمیرات کو ریگولرائز کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت، پروجیکٹ متاثرین کی جانب سے 25 فروری 2022 تک کی گئی ضروری تعمیرات کو باقاعدہ تسلیم کر لیا گیا ہے۔
اس موقع پر محکمہ شہری ترقی کے پرنسپل سکریٹری اسیم گپتا، سڈکو کے نائب صدر اور منیجنگ ڈائریکٹر وجے سنگھل، شیوسینا کے ڈپٹی لیڈر وجے ناہٹا، شیو سینا کے ضلعی سربراہ وجے چوگولے، سابق کارپوریٹر شیو رام پاٹل، کشور پاٹکر اور مقامی شیوسینک اور مقامی افراد بھی موجود تھے۔ نریش مہسکے نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جو پروجیکٹ متاثرین کے مسائل کو حل کرنے کے لیے فالو اپ کر رہے تھے۔