مہاراشٹر توہم پرستی خاتمہ کمیٹی کی تھانے شاخ قائم، انیل تھانیکر کارگزار صدر اور اشوک موہتے جنرل سیکریٹری منتخب
تھانے، 22 جون (آفتاب شیخ):
مہاراشٹر توہم پرستی خاتمہ کمیٹی کی تھانے شاخ کا باضابطہ قیام عمل میں آیا۔ اس موقع پر سینئر صحافی انیل تھانیکر کو شاخ کا کارگزار صدر جبکہ ٹی جے ایس بی بینک کے ریٹائرڈ افسر اشوک موہتے کو جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا۔ اس تقریب میں کمیٹی کے بانی رکن پرنسپل مچھندر ناتھ منڈے، تھانے ضلع صدر ڈاکٹر سشما بسونت، نامدیو مہاترے، ڈاکٹر ششی کانت شندے، ساریکا مانے، صحافی اروِند جوشی، ستیش اہیرے، سلمان پٹھان، چھایا تھانیکر سمیت دیگر معززین موجود تھے۔
پروگرام کی شروعات میں شرکاء نے اپنا تعارف پیش کیا۔ بعد ازاں ڈاکٹر سشما بسونت نے تنظیم کی ساخت اور اس کے پانچ بنیادی اصولوں کی وضاحت کی۔ پرنسپل مچھندر ناتھ منڈے نے تنظیم کے قیام کے مقاصد اور عقیدہ و توہم پرستی کے درمیان فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں سائنسی سوچ پیدا کرنا ہی کمیٹی کا اصل مقصد ہے۔
نو منتخب کارگزار صدر انیل تھانیکر نے کہا کہ آئندہ تین مہینوں میں کمیٹی کا کام تھانے شہر میں نمایاں طور پر نظر آئے گا اور اسے ایک فعال شاخ بنایا جائے گا۔ سوال و جواب کے سیشن میں ڈاکٹر ششی کانت شندے نے پوچھا کہ کیا کمیٹی کے پروگرام سرکاری فنڈ سے چلائے جا سکتے ہیں؟ اس پر پرنسپل منڈے نے وضاحت کی کہ کمیٹی خود انحصاری اور عوامی تعاون سے اپنے پروگرام جاری رکھتی ہے۔ تاہم، بغیر کسی شرط کے سرکاری تعاون بھی قبول کیا جا سکتا ہے لیکن اصل ترجیح عوامی شمولیت رہے گی۔
آخر میں تھانے شاخ کے قیام کا اعلان کیا گیا اور ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ اس موقع پر موجود تمام افراد نے تھانے شہر میں توہم پرستی کے خاتمے کی مہم کو کامیاب بنانے کا عزم ظاہر کیا۔
