نئی دہلی۔ 23۔ اپریل۔ تبلیغی جماعت کے سربراہ حضرت مولانا سعد کاندھلوی کے شاملی ضلع (یوپی)کے پاس کاندھلہ کے فارم ہاوس پر دہلی پولیس کی کرائم برانچ کی ٹیم چھاپہ کے لئے پہنچی۔ ٹیم اپنی حفاظت کے لئے احتیاطا پی پی آئی کٹ میں ہے۔ حال ہی میں دہلی پولیس نے مولانا سعد کو انتباہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اگر کورونا ٹیسٹ نہیں کرایا تو وبا پھیلنے کے الزام میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
جماعت سے منسلک معاملہ کی جانچ کر رہی دہلی پولیس کی کرائم برانچ کا کہنا ہے کہ مولانا سعد نے ابھی تک کورونا کا ٹیسٹ نہیں کرایا ہے۔ انہیں یہ ٹیسٹ سرکاری اسپتال میں کرانا ہے۔ اس کے لئے انہیں ایمس اور آر ایم ایل میں ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔حال ہی میں کرائم برانچ نے اپنے بڑے افسروں کو جانکاری دیتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا سعد سے کہا گیا ہے کہ پہلے وہ اپنی سرکاری جانچ کرائیں۔ پولیس جب ان کی رپورٹ دیکھ لے گی اس کے بعد ہی انہیں سمن جاری کیا جائے گا اور آگے کی پوچھ گچھ میں شامل کیا جائے گا۔(بہ شکریہ نیوز18 اردو)