مولانا آزاد اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو 500 کروڑ روپے کاقرض منظور

ممبئی۔ 29 ؍نومبر 2023 (پریس ریلیز) جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی جہد مسلسل اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار صاحب سے نمائندگی کے نتیجے میں نئی دہلی کی قومی اقلیتی ترقی اور مالیاتی کارپوریشن (NMDFC) سے قرض لینے کے لیے مولانا آزاد اقلیتی اقتصادی ترقی کارپوریشن کی سرکاری ضمانت کی حد کو 8 سال کے لیے 30 کروڑ سے بڑھا کر 500 کروڑ کرنے کی تجویز کو آج کابینہ کی میٹنگ میں منظوری دی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر حضرت مولانا سید محمود مدنی صاحب کی ایماء پر صوبائی صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب کی قیادت میں 31اگست 2023 ،کو 100 رکنی وفدنے نائب وزیر اعلی اجیت دادا پوار سے دیوگیری بنگلہ ملبار ہل ممبئی پر ملاقات کیا تھا ۔

جس میں اقلیتوں کی فلاح بہبود کیلئے اور اقلیتی برادری کے مختلف مطالبات کے سلسلے میں یہ فیصلہ لینے کے سلسلہ میں مختلف مطالبات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا ۔ اس میٹنگ میں پوری ریاست کے 36 اضلاع سے علماء کرام نے شرکت کی تھی ۔ اگست کے مہینے میں ہونے والی اس میٹنگ کے فوراً بعد21 ستمبر کے مہینے میں ڈپٹی چیف منسٹر سے منترالیہ کی وزارت کے ہال میں اسی مسئلہ پر ایک میٹنگ ہوئی تھی جس میںسابقہ مطالبات کے فوری حل کے لئے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار صاحب سمیت وزیر اقلیتی عبدالستار صاحب کابینہ وزیر حسن مشرف صاحب، وقف بورڈ چیرمین وجاہت مرزا صاحب اور تمام محکموں کے سکریٹریز موجود تھے۔

انہوں نے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی جانب سے کئے گئے جملہ مطالبات کو حل کرنے کا تیقن دیا تھا. چنانچہ ان میں سے ایک اہم مطالبہ آج کابینہ کے فیصلے سے وعدہ پورا ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ مولانا آزاد اقلیتی ترقیاتی کارپوریشن کے ذریعہ اقلیتی طبقہ کے نوجوانوں کو قرض فراہم کیا جاتا ہے۔ کارپوریشن کے ذریعے دیے گئے قرضوں کی ضمانت ریاستی حکومت کی طرف سے دی جاتی ہے۔ تاہم ریاستی حکومت صرف 30 کروڑ روپے کی ضمانت دے رہی تھی،

اس لیے قرضوں کی تقسیم پر پابندیاں تھیں۔ اقلیتی برادریوں کے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو قرضے فراہم کرکے کاروبار کوفروغ دینے کی بابت نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کوششیں شروع کیں۔ اس کے مطابق مولانا آزاد اقلیتی ترقیاتی کارپوریشن کے 500 کروڑ روپے کے قرض کی فراہمی کی ضمانت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

کا بینہ کے اس فیصلے پر مولانا ندیم صدیقی صاحب صدر جمعیۃ علماء مہا راشٹر نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار صاحب سمیت وزیر اعلیٰ یکنا تھ شنڈ ے صاحب، وزیر اقلیتی امور و دیگر کابینی وزراء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اقلیتی برادری کی ترقی کے لیے مثبت موقف اپنایا ہے۔ اسی طرح اقلیتوں سے متعلق دیگر مسائل کے حل کیلئے بھی کوشش کرنے کے لئے امید جتائی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading