’مودی-شاہ دکاندار ہیں اور اڈانی-امبانی خریدار‘، کانگریس صدر کھڑگے کا مودی حکومت پر سخت حملہ

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے کرناٹک کے کلبرگی میں پی ایم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر آج سخت ترین حملہ کیا۔ انہوں نے ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کئی دہائیوں قبل قائم کی گئی حکومت کی ملکیت والی فیکٹریوں کو مودی-شاہ امبانی-اڈانی کے ہاتھوں فروخت کر رہے ہیں۔

اپنے آبائی ضلع کلبرگی کے افضل پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ مودی کہتے ہیں کہ گاندھی خاندان نے ملک کو لوٹا ہے۔ آپ وزیر اعظم ہیں، لوٹا ہوا پیسہ واپس دلائیں۔ انہوں نے مودی کو لوٹی گئی دولت گاندھی خاندان سے واپس لینے کا چیلنج پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس خاندان کا کوئی بھی فرد 1989 کے بعد وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ یا وزیر نہیں رہا۔

ایسے میں ان پر الزام عائد کرنا بے معنی ہو جاتا ہے۔کانگریس کے قومی صدر نے کہا کہ مودی کہتے ہیں انہوں نے بڑے بڑے کام کیے ہیں۔ کیا کیا ہے آپ نے؟ سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے جو بڑے بڑے کارخانے قائم کیے تھے، آپ انہیں فروخت کر رہے ہیں اور کھا رہے ہیں۔ کھڑگے نے مزید کہا کہ اس ملک میں یہ ہو رہا ہے کہ دو دکاندار ہیں اور دو خریدار ہیں۔

دکاندار مودی-شاہ ہیں اور خریدار امبانی-اڈانی ہیں۔ کھڑگے نے دعویٰ کیا کہ مودی اور شاہ ملک کی عوام کے لیے نہیں بلکہ امبانی اور اڈانی کے لیے جی رہے ہیں۔ انہوں نے جلسے میں موجود لوگوں سے کہا کہ وہ (مودی اور شاہ) ان (امبانی اور اڈانی) کے لیے اقتدار چاہتے ہیں، آپ کے لیے نہیں۔