راہل گاندھی کے رائے بریلی سے الیکشن لڑنے کا اثر پانچوں مرحلوں پر پڑے گا: اجے رائے

رائے بریلی لوک سبھا سیٹ پر کانگریس پارٹی کے امیدوار کے تعلق سے کئی دنوں سے جاری سسپنس ختم ہو گیا ہے۔ کانگریس نے راہل گاندھی کو رائے بریلی سے امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سیٹ پہلے راہل گاندھی کی والدہ سونیا گاندھی کے پاس تھی۔ کانگریس کی جانب سے اپنے امیدوار کے اعلان کے بعد یوپی کانگریس کے صدر اجے رائے نے مسرت آمیز ردعمل ظاہر کیا ہے۔

اتر پردیش کانگریس کے سربراہ اجے رائے نے کہا کہ ’’یہ ہمارا دیرینہ مطالبہ تھا اور ہم چاہتے تھے کہ ہمارے لیڈر راہل گاندھی اتر پردیش سے الیکشن لڑیں۔ وہ (راہل گاندھی) یہاں کے پارٹی کارکنوں اور امیٹھی- رائے بریلی کے ایک ایک گاؤں کو جانتے ہیں۔ رائے بریلی ایک روایتی سیٹ ہے، امیٹھی میں بھی اس کا زبردست اثر پڑے گا۔

اس کے علاوہ رائے بریلی سے راہل گاندھی کے الیکشن لڑنے کا اثر بقیہ پانچوں پرمرحلوں پر بھی پڑے گا۔‘‘ واضح رہے کہ راہل گاندھی آج دوپہر میں اپنا بجے پرچہ نامزدگی داخل کریں گے، اس کے بعد وہ پونے کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ رائے بریلی میں راہل گاندھی کا مقابلہ بی جے پی امیدوار دنیش پرتاپ سنگھ سے ہوگا۔

اس سے قبل راہل گاندھی کی والدہ سونیا گاندھی اس سیٹ سے رکن پارلیمنٹ تھیں۔ اب وہ راجستھان سے راجیہ سبھا کی رکن منتخب ہوئی ہیں۔ اس وجہ سے وہ لوک سبھا الیکشن نہیں لڑیں گی۔ ایسے میں اب کانگریس نے راہل گاندھی کو رائے بریلی سیٹ سے امیدوار بنایا ہے۔ کانگریس نے جمعہ کی صبح اپنی فہرست جاری کرتے ہوئے اس کا اعلان کیا ہے۔