نئی دہلی 25 مئی (یو این آئی) اس تمہید کے ساتھ کہ کانگریس کی یوپی اے عہد میں دہشت گردی کے نام پر ہزاروں بے گناہ اور معصوم مسلم نوجوانوں کو گرفتارکرکے جیلوں میں ڈالا گیا ,بی جے پی اقلیتی مورچہ کے نائب صدر عرفان احمد نے کہا کہ مودی سرکار میں کسی بے گناہ کو نہیں پکڑا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کی دس سالہ حکومت اور مودی سرکار پانچ سال کاموازنہ کریں تو دونوں میں زمیں آسمان کا فرق نظر آئے گا۔
"مسلمانوں کےلئے گزرا پانچ سال حد درجہ بہتر رہا، دہشت گردی کے نام پرکسی بے گناہ کو نہیں پکڑا گیا۔ البتہ ہزاروں مسلم بچوں کو دستکاری اور ہنرہاٹ کے ذریعہ آگے بڑھایا گیا۔ہائر ایجوکیشن کےلئے اسکالر شپ دی گئی، وقف بورڈ اور دیگر شعبوں میں نوکریاں دی گئیں، مسلم بچیوں کو وزارت اقلیت کی جانب سے اسکالر شپ مہیا کرائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پانچ سال میں ذات برادری، کنبہ پروری جیسی سیاست کا خاتمہ ہوا۔ایک راشٹرایک نیشن کی بنیاد پڑی ۔مسلمانوں کےلئے حج کوٹے کو جو کہ یو پی اے سرکار میں کافی کم تھا بڑھا کر دولاکھ کردیا گیا۔ عرفان احمد نے لوک سبھا انتخابات میں اتنی بڑی جیت کےلئے وزیراعظم نریندر مودی کو مبارکباد دی ۔اس کے علاوہ دوبارہ مودی سرکاربننے پر ممبئی کی ماہم درگاہ پرچاد راور گلپوشی کرکے عرفان احمد نے عقیدت کا نذرانہ پیش کیا۔