مودی بتائیں کہ ہیمنت کرکرے شہید ہیں یا پرگیا کی شراپ سے ان کی موت ہوئی ؟: شاکر پٹنی

ممبئی : سادھوی پرگیہ جس پر مالیگاؤں بم دھماکہ ۲۰۰۸ سمیت کئی اور سنگین الزامات کے تحت مقدمہ ہے ۔ ضمات پر رہا ہے اور بی جے پی نے اسے بھوپال سے اپنا امیدوار بنایا ہے ۔ بی جے پی سے ٹکٹ ملنے سے پرجوش ہوئی سادھوی ٹھاکر نے ایک ایسا بیان دیا جس کی پورے ملک میں مذمت ہورہی ہے ۔مجلس اتحادالمسلمین ممبئی کے صدر عبد الرحمن شاکر پٹنی نے بھی اپنے ایک بیان میں نریندر مودی سے پوچھا ہے ’مودی بتائیں کہ ہیمنت کرکرے شہید ہیں یا ان کی موت سادھوی کے شراپ سے ہوئی ہے ‘ ۔ واضح ہو کہ یہ بیان سادھوی پرگیا نے ایک انتخابی جلسہ میں دیا جہاں بی جے پی کے کئی اور چہرے موجود تھے اور سادھوی کی اس بدزبانی پر وہاں موجود بی جے پی کے افراد نے تالیاں بجائیں ۔ مجلس ممبئی کے صدر شاکر پٹنی نے کہا کہ بی جے پی کی سیاست اتنی گھٹیا اور ذلیل ہو چکی ہے کہ وہ اب ملک کے تحفظ کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کو بھی نشانہ بنانے سے نہیں چوک رہی ہے ۔

شاکر پٹنی کے مطابق یہ بیان انتہائی شرمناک اور بدبختانہ ہے ۔اس کی صرف مذمت ہی کافی نہیں ہے بلکہ اس طرح کے الفاظ ادا کرنے والی ہندوتوا دہشت گردی کی ملزمہ کیخلاف ملک سے بغاوت اور غداری کا ایک اورمقدمہ بھی چلنا چاہئے ۔ شاکر پٹنی نے کہا کہ حزب مخالف پر اپنی بیجا تنقید میں تیزی دکھانے والے نریندر مودی اب تک خاموش ہیں ۔انہیں ملک کے عوام کو یہ ضرور بتانا چاہئے کہ ہیمنت کرکرے کیا ہیں ؟ ساتھ شاکر پٹنی نے وزیر اعلیٰ مہاراشٹر کی خاموشی پربھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ سادھوی کے مقدموں کا تعلق مہاراشٹر سے ہے اور ہیمت کرکرے مہاراشٹر اے ٹی ایس کے وہ افسر ہیں جو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران پاکستانی دہشت گردوں نے نشانہ بنایا تھا ۔ سادھوی کے بیان سے تو یہ بھی محسوس ہوتا ہے کہ شایداجمل قصاب کو سادھوی نے ہی دعوت دی تھی۔

شاکر پٹنی نے بی جے پی کے دوغلہ پن اور نقلی حب الوطنی پر کہا کہ پہلے مرحلہ کی ووٹنگ سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے نئے ووٹروں سے کہا تھا کہ کیا آپ کا پہلا ووٹ پلوامہ کے شہیدوں کے نام پر ہوگا ؟لیکن دوغلہ پن دیکھئے کہ ان کی پارٹی ایک ایسی دہشت گرد کو ٹکٹ دے رہی ہے جس پر بم دھماکوں اور ملک سے اعلان جنگ الزامات میں مقدمہ چل رہاہے اور وہ ٹکٹ ملنے کی خوشی میں ممبئی حملہ میں اپنی جان داؤں پر لگا کر ملک کیلئے ایک مثال بننے والے ہیمنت کرکرے کی توہین کرکے ملک سے غداری کی مرتکب ہو رہی ہے ۔ شاکر پٹنی نے پوچھا کہ کیا یہی بی جے پی اور مودی کی حب الوطنی ہے ؟ انہوں نے کہا بی جے پی کو ملک کی ترقی اور بقا کی بجائے صرف اقتدار کی بھوک ہے اور وہ اسے ہر قیمت پر حاصل کرنا چاہتی ہے ۔اسی لئے بی جے پی ملک پر جان قربان کرنے والوں کی توہین کررہی ہے ۔ شاکر پٹنی نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے بھی امید جتائی ہے کہ وہ سادھوی پرگیا کہ اس بدبختانہ اور شرمناک بیان پر سو موٹو لے کر قانون کے مطابق سخت کارروائی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تعجب ہے ممبئی کے پولس کمشنر اب تک خاموش ہیں جبکہ انہیں اس بیان پر سب سے پہلے اپنے ردعمل کا اظہار کرنا چاہئے کیوں کہ ہیمنت کرکرے مہاراشٹر پولس کے انتہائی فرض شناس اور ایماندار افسر تھے جو فرض کی ادائیگی کے دوران دہشت گردوں کے ذریعہ نشانہ بنائے گئے۔

اس طرح کے ایماندار اور بے داغ افسر کی شہادت کے بعد اس پر اس طرح کی گھٹیا اور ذلیل رائے زنی سے پولس فورس کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔ شاکر پٹنی نے اس بات پر تعجب کا اظہار کیا کہ سادھوی ٹھاکر اتنی زہریلی بیان بازی کس طرح کررہی ہے جبکہ اس پر اب بھی الزام ہے اور وہ صرف ضمانت پر ہے ۔ اسے ضمانت اس لئے ملی تھی کہ اسے کینسر کا علاج کروانا تھا لیکن جس طرح وہ انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے اس سے نہیں لگتا کہ وہ کینسر سے متاثرہے ۔ شاکر پٹنی نے سپریم کورٹ سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ سادھوی کا باہر رہنا ملک اور یہاں کی امن و امان کیلئے خطرناک ہے اس لئے اس کی ضمانت رد کرکے اسے فوراً جیل بھیجا جائے ۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading