منوج سآنپ کو یوم جمہوریہ پر "بہترین افسر" کا اعزاز
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے توصیفی سرٹیفکیٹ پیش کیا
تھانے (آفتاب شیخ)
یوم جمہوریہ کے موقع پر تھانے میں منعقدہ مرکزی تقریب کے دوران مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور ضلع سرپرست وزیر ایکناتھ شندے نے ضلع انفارمیشن آفیسر منوج سآنپ کو "بہترین افسر" کے طور پر توصیفی سرٹیفکیٹ اور گلدستہ دیکر اعزاز سے نوازا۔ یہ اعزاز انہیں میڈیا کے شعبے میں موثر رابطہ کاری اور بہترین کارکردگی کے اعتراف میں دیا گیا۔
تقریب میں موجود معززین نے منوج سآنپ کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے کام کی تعریف کی۔ اعزاز حاصل کرنے کے بعد سآنپ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "یہ کامیابی میرے سینئر افسران، ساتھیوں اور میڈیا کے دوستوں کی رہنمائی اور تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھی۔ میں ان سب کا تہہ دل سے مشکور ہوں اور ہمیشہ ان کا ممنون رہوں گا۔"
اس موقع پر رکن پارلیمنٹ نریش مہسکے، رکن اسمبلی سنجے کیلکر، رویندر پھاٹک، ضلع کلکٹر اشوک شنگارے، تھانے شہر پولس کمشنر آشوتوش ڈمبرے، تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ، ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر روہن گھوگے، جوائنٹ پولس کمشنر ڈاکٹر دنیشور چوہان، تھانے دیہی کے ایس پی ڈاکٹر ڈی سوامی اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
تقریب میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، ملازمین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یوم جمہوریہ کے وقار کے ساتھ اس پروگرام میں سماجی اور انتظامی میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کا خصوصی ماحول دیکھنے کو ملا۔
