وہ کون تھا جس کی وجہہ سے مینا کماری اور مدھوبالا ایک دوسرے کی کٹر دشمن بن گئی تھیں

مدھوبالا اور مینا کماری دونوں ہی ہندی فلم انڈسٹری کی عظیم اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ اگرچہ اب وہ دونوں اس دنیا میں نہیں ہیں، لیکن وہ اپنے پیچھے متعدد لازوال فلمیں چھوڑ گئی ہیں۔ اپنی شاندار اداکاری کی وجہ سے وہ دونوں ہندی سنیما کی تاریخ میں امر ہو گئی ہیں اور صدیوں تک یاد کی جاتی رہیں گی۔ مدھوبالا اور مینا کماری اپنی حیرت انگیز خوبصورتی کے لیے جانی جاتی تھیں۔ لیکن کم ہی لوگ جانتے ہوں گے کہ کروڑوں دلوں کی ملکہ ان دونوں اداکاراؤں کے درمیان کچھ مماثلتیں بھی تھیں۔

دونوں اپنے وقت کی سپر اسٹار تھیں، لیکن دونوں کی ذاتی زندگی بہت ہی دکھی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ دونوں کے درمیان ایک شخص تھا، جس سے دونوں محبت کر بیٹھیں اور وہی دونوں کے درمیان دشمنی کی وجہ بن گیا۔

1949 کے آس پاس مدھوبالا اور مینا کماری کے شوہر کمال امروہی کے ساتھ افیئر کی افواہیں تھیں۔ اس بات کو جانتے ہوئے بھی کہ کمال امروہی پہلے ہی مینا کماری سے شادی کر چکے ہیں، مدھوبالا ان سے شادی کرنا چاہتی تھیں۔ مدھوبالا چاہتی تھیں کہ کمال اپنی بیوی کو طلاق دے دیں اور ان سے شادی کر لیں۔ رپورٹس کے مطابق، جب مینا کو اس بارے میں پتہ چلا تو انہوں نے مدھوبالا کو چپلوں سے مارنے اور تھپڑ مارنے کی کوشش کی۔

‘ٹریجڈی کوئین’ کے نام سے مشہور مینا کماری کی اصل زندگی کانٹوں کے بستر سے کم نہیں تھی۔ غربت کی وجہ سے ان کے پیدا ہونے کے فوراً بعد ان کے والد نے انہیں یتیم خانے کے دروازے پر چھوڑ دیا تھا۔ بعد میں روتی ہوئی مینا کو وہ واپس لے آئے۔ بڑی ہونے کے بعد والد سے بغاوت کر کے فلم پروڈیوسر کمال امروہی سے مینا کماری نے شادی کی۔ کمال پہلے ہی 3 شادیاں کر چکے تھے۔ کمال کے ساتھ ان کی زندگی انتہائی ذلت آمیز تھی۔ کمال کے ساتھ ان کا رشتہ ان کے لیے کسی اذیت ناک قید سے کم نہیں تھا۔ جہاں انہیں نہ صرف بے وفائی بلکہ گھریلو تشدد کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ وہ شراب پینے لگیں اور بیمار رہنے لگیں۔ جب وہ ہسپتال میں تھیں تو کمال انہیں چھوڑ کر بھاگ گئے تھے۔ ان کے پاس ہسپتال کا بل دینے کے پیسے بھی نہیں تھے۔ کم عمری میں ہی انہوں نے دنیا کو الوداع کہہ دیا۔

وہیں مدھوبالا کی کہانی بھی کچھ مینا کماری جیسی ہی تھی۔ مدھوبالا کے کل 8 بھائی بہن تھے۔ گھر کا خرچ چلانے کے لیے وہ کم عمری میں ہی کام کرنے لگیں۔ انہیں دل کی بیماری تھی۔ اس کے باوجود وہ مسلسل کام کرتی رہیں۔ وہ دلیپ کمار سے بے انتہا محبت کرتی تھیں لیکن ان کی شادی نہیں ہو پائی۔ بعد میں انہوں نے کشور کمار سے شادی کی، لیکن بیماری میں کشور کمار نے انہیں تنہا چھوڑ دیا۔ کم عمری میں ہی مدھوبالا نے دنیا کو الوداع کہہ دیا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading