آئندہ ہفتے کے روز تہران اور واشنگٹن کے بیچ مذاکرات کے دوسرے دور سے قبل نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مریکی اخبار "نیویارک ٹائمز” کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس منصوبے سے پیچھے ہٹ گئے ہیں، جس کے تحت ایران کے جوہری پروگرام کی تنصیبات پر اسرائیل کو حملہ کرنا تھا۔ ٹرمپ نے یہ قدم تہران کے ساتھ جوہری معاہدے کے لیے جاری مذاکرات کے مفاد میں اٹھایا ہے۔
اخبار نے بدھ کے روز ٹرمپ انتظامیہ کے ذمے داران کے حوالے سے بتایا کہ صدر نے ایران پر اسرائیلی حملے کے خیال میں ترمیم کر دی ہے۔ذمے داران نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل آئندہ ماہ ایران پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ تاہم ٹرمپ انتظامیہ میں اس حوالے سے تقسیم کے سبب تل ابیب اس منصوبے سے رک گیا اور مذاکرات کو ایک موقع دینے کی طرف مائل ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ میں دو فریق بن گئے ہیں جن میں ایک تہران پر حملے کی تائید کر رہا ہے اور دوسرا مذاکرات کے حوالے سے پُر جوش ہے۔
اسرائیل نے مئی میں ایرانی جوہری تنصیبات پر فوجی حملے کی پیشگی منصوبہ بندی کر لی تھی تاہم ٹرمپ کے فیصلے نے تل ابیب کی محنت پر پانی پھیر دیا۔اخباری ذرائع کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ اس نتیجے پر پہنچی تھی کہ سفارتی راستے کے حق میں ایک کمزور سا اتفاق رائے موجود ہے۔ یہ ایسے وقت میں ہوا جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہو گیا اور ان کے دوبارہ شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ایران کے جوہری پروگرام کے تصفیے سے متعلق امریکی اور ایرانی حکام کے درمیان براہِ راست مذاکرات 12 اپریل کو عمان کے دار الحکومت مسقط میں ہوئے۔ ایرانی وفد کی قیادت وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کی، جب کہ امریکی وفد کی سربراہی ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیفن ویٹکوف نے کی۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق، یہ ملاقات "تعمیری” ثابت ہوئی۔مذاکرات کا دوسرا دور ہفتہ 19 اپریل کو اٹلی کے دار الحکومت روم میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔