حماس نے جمعرات کو بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں بھوک اور محاصرے کے جرم کو روکنے کے لیے کارروائی کرے۔ حماس نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ اسرائیل کے وزیر دفاع یسرائیل کاٹز کے بیانات اور ان کی طرف سے غزہ کی طرف انسانی امداد روکنے کو دباؤ کا ایک ٹول قرار دینے سے ثابت ہوجاتا ہے کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں جنگی جرائم کر رہا اور ان جرائم کا خود اسرائیل نے اعتراف کرلیا ہے۔ لگاتار ساتویں ہفتے خوراک، ادویات، پانی اور ایندھن سمیت ضروریات زندگی کی اشیا کو غزہ پہنچنے سے روک دیا گیا ہے۔
حماس نے زور دے کر کہا اسرائیلی وزیر بین گویر کا بیان جس میں غزہ کی پٹی میں ایک گرام بھی امداد کی اجازت نہ دینے کا مطالبہ کیا گیا، اسی طرح دیگر اسرائیلی رہنماؤں کے بیانات وحشیانہ نسل کشی کو جاری رکھنے کےواضح ارادے کا بتا رہے ہیں۔
حماس کے بقول یہ افسوسناک ہے کہ ان مجرمانہ بیانات پر بھی بین الاقوامی برادری، اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور بین الاقوامی عدالتی اداروں کے مذمتی بیانات سامنے نہیں آرہے ہیں۔ حماس نے بین الاقوامی فوجداری عدالت سے مطالبہ کیا کہ یسرائیل کاٹز، بین گویر اور تمام قابض رہنماؤں کے خلاف مقدمہ چلایا جائے اور انسانیت کے خلاف ان کے وحشیانہ جرائم کا احتساب کیا جائے۔
ہیموفیلیا کے مریضوں کی تکلیف
دوسری طرف فلسطینی وزارت صحت نے جمعرات کو اطلاع دی ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جنگ نے ہیموفیلیا کے مریضوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ ہیموفیلیا کے عالمی دن کے موقع پر ایک پریس ریلیز میں غزہ کی وزارت صحت نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ کے ڈیڑھ سال سے زائد عرصے کے بعد اس کے اثرات ہزاروں فلسطینی مریضوں بشمول ہیموفیلیا کے مریضوں کو متاثر کر رہے ہیں۔ ان مریضوں کو ضروری صحت کی دیکھ بھال تک رسائی میں بے مثال چیلنجز کا سامنا ہے۔
وزارت نے مزید کہا کہ فلسطین میں کل 550 میں سے 180 ہیموفیلیا کے مریض غزہ کی پٹی میں رہتے ہیں اور وہ ضروری ادویات کی شدید قلت کا شکار ہیں۔ اس سے جوڑوں اور پٹھوں میں اندرونی خون بہنے جیسی سنگین پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور یہ خطرہ فلسطیینوں کو مستقل جسمانی معذوری کا شکار کرنے کی طرف لے جارہا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ اس بحران کی روشنی میں ان کے لیے باوقار زندگی کو یقینی بنانے اور انہیں اپنی روزمرہ کی زندگی کو محفوظ طریقے سے گزارنے کے قابل بنانے کے لیے ضروری ادویات اور علاج فراہم کرنے کی ضرورت دگنی ہو گئی ہے۔