مغربی بنگال میں بی جے پی کی بہترین کارکردگی کے بعد ممتا بنرجی کافی پریشان ہیں اور اپنی تنظیم کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ریاست میں بی جے پی کی غنڈہ گردی پر کنٹرول کرنے کی بھرپور کوشش شروع بھی کر دی ہے۔ 30 مئی کو جب مودی کابینہ کے وزیر راشٹرپتی بھون میں حلف لے رہے تھے اس وقت بھی وہ مغربی بنگال میں دھرنے پر بیٹھی ہوئی تھیں۔ اس درمیان ممتا بنرجی کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔
ویڈیو اُتر 24 پرگنہ ضلع کا ہے جس میں کچھ لوگ ممتا بنرجی کے قافلے کے آس پاس ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو میں نعرہ بازی سن کر ممتا بنرجی اپنی گاڑی سے باہر نکلتی ہیں اور نعرہ لگا رہے لوگوں پر چیختی ہیں۔ وہ ان لوگوں کو باہری اور بی جے پی کے بدمعاش غنڈے قرار دیتی ہیں۔
#WATCH North 24 Parganas: West Bengal CM Mamata Banerjee gets off her car and confronts people chanting 'Jai Shri Ram' slogans, Banerjee says'These are all outsiders and BJP people, they are criminals and were abusing me. They are not from Bengal.' pic.twitter.com/haGjQmQYlv
— ANI (@ANI) May 30, 2019
میڈیا ذرائع کے مطابق جمعرات کو ممتا بنرجی اپنے پارٹی کارکنان کے ساتھ ہوئے پرتشدد واقعات کے خلاف ایک دھرنے میں حصہ لینے کے لیے نوہاٹی جا رہی تھیں جب کچھ لوگ ان کے قافلے کے سامنے آ گئے اور ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگانے لگے۔ اس عمل سے ممتا بنرجی کافی ناراض ہو گئیں اور فوراً گاڑی سے اتر کر نعرہ بازی کر رہے لوگوں سے کہا کہ ’’یہاں آؤ… ہمت ہے تو سامنے آؤ… میرا سامنا کرو… بی جے پی کے غنڈوں… یہاں پر تم لوگ ہماری وجہ سے رہ رہے ہو۔ تم جیسے لوگوں کو یہاں سے بھگا بھی سکتی ہوں۔‘‘ وہ مزید کہتی ہوئی نظر آتی ہیں کہ ’’تم لوگ سارے بدمعاش لوگ ہو… تم لوگوں کی ہمت کیسے ہوئی میرے قافلے پر حملہ کرنے کی… میں تم لوگوں کی چمڑی ادھیڑ دوں گی… مجھے سبھی لوگوں کے نام چاہیے جو اشتعال پیدا کر رہے تھے… ایک ایک گھر کی تلاشی ہونی چاہیے۔‘‘
ممتا بنرجی کی ناراضگی دیکھ کر نعرہ لگانے والے لوگ خاموش ہو گئے اور ممتا بنرجی کا قافلہ آگے کی طرف بڑھ گیا۔ لیکن تھوڑی ہی دور کے بعد ایک بار پھر ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگنا شروع ہو گیا۔ ممتا بنرجی دوبارہ گاڑی سے اتریں اور زور دار آواز میں انھوں نے پھر کہا کہ ’’یہاں آؤ… ہمت ہے تو سامنے آؤ… سامنے آؤ بدمعاشوں… میں میری گاڑی میں جا رہی تھی تبھی ان بی جے پی کے غنڈوں نے مجھے گالی دینا شروع کر دیا۔ یہ سبھی باہری لوگ ہیں۔ ان میں کوئی بھی بنگال کا لوکل آدمی نہیں ہے۔‘‘
بشکریہ قومی آواز بیورو—
